تیسرا ٹیسٹ: انگلینڈ نے 4 وکٹ کے نقصان پر 332 رنز بنالیے

520

ساؤتھمپٹن:پاکستان اور انگلینڈ کے مابین کھیلےجارہےتیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں زیک کرالی کی شانداد بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ نے پہلے دن کے اختتام تک 4 وکٹ کے نقصان پر 332 رنز بنالیے۔

ساؤتھمپٹن میں کھیلے جا رہے تیسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کے کپتان جوئے روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا،قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ انگلینڈ کی جانب ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی اورسام کوران کی جگہ جوفرا آرچر کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

قومی ٹیم کی جانب شاہین شاہ آفریدی نے ابتدائی اوورز میں ہی رورے برنز کو پویلین بھیج کر پاکستان کو پہلی کامیابی دلوائی، وہ صرف 6 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، دوسری کامیابی یاسر شاہ کے حصے میں آئی، ڈوم سیبلی 22 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

تیسری وکٹ انگلینڈ کے کپتان کی گری، جب وہ 29 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، انگلینڈ کی چوتھی وکٹ بھی جلد ہی گرگئی، جب اولی پوپ صرف 3 رنز بناکر یاسر شاہ کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوگئے۔

127 رنز پر حریف ٹیم کے 4 کھلاڑی آؤٹک رنے کے بعد لگ رہا تھا کہ قومی ٹیم جلد ہی انگلینڈ کو آؤٹ کرلے گی، لیکن زیک کرولی اور جوز بٹلر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور وکٹ کے چاروں جانب اسٹروک کھیلے اور دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی، دونوں کے درمیان اب تک 205 رنز کی ناقابل شکست پارٹنرشپ قائم ہوچکی ہے۔

دن کے اختتام تک انگلینڈ نے 4 وکٹ کے نقصان پر 332 رنز بنالیے ہیں، زیک کرولی 171 اور جوز بٹلر87 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔

قومی ٹیم کی جانب سے یاسر شاہ نے دو، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔