تحریک انصاف کے کارکنان بدظن؛ صوبائی قیادت کیخلاف وال چاکنگ

634

کراچی (نمائندہ خصوصی): تحریک انصاف سندھ کی صوبائی قیادت کیخلاف احتجاج زور پکڑ گیا اب کراچی کی دیواروں پر تحریک انصاف کی صوبائی قیادت کیخلاف نعرے درج ہونا شروع ہوگئے۔

پاکستان تحریک انصاف  کی صوبائی قیادت کیخلاف کارکنان کا غم و غصہ اب دیواروں پر نظر آنے لگا،کراچی کی سڑکوں پر  “گو حلیم عادل گو”، گو خرم شیر زمان گو”، “گو گورنر گو” کے نعروں سے شہر کی دیواریں کالی ہو نے لگیں۔

پی ٹی آئی قیادت کے خلاف وال چاکنگ کرنے والے “خان زندہ آباد، ہمارا کپتان زندہ آباد” کے نعرے لگارہے تھے، وال چا ل کنگ کرنے والوں کا کہنا تھا کہ کوئی پوچھے تو کون آیا تھا بولنا “خان کا ٹائیگر” آیا تھا، ابھی انصاف ہاؤس اور اس سے ملحقہ علاقوں  سے شروعات کی ہے اور ہمارے کارکنان پورے کراچی میں اس وقت متحرک ہیں اس کے بعد پورے سندھ کی دیواروں پر لکھا ہوگا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے نظریاتی رکن یوسف ڈالیا کا کہنا ہے کہ پارٹی کو ہم نے بنایا تھا اب پارٹی کو ہم ہی بچائے گے، خرم شیرزمان کراچی کیلئے کچھ نہ کرسکے اب وہ صدارت چھوڑ کر بطور رکن اسمبلی جو کرسکتے ہیں وہ کرے جبکہ دوسری طرف  کراچی پریس کلب پر بھی 45روز سے نظریاتی کارکنان صوبائی قیادت کیخلاف سراپا احتجاج ہیں۔

تحریک انصاف کے میرشاہد علی کا کہنا ہے کہ کارکنان کا غم وغصہ جس کو کنٹرول کرنا اب ہمارے بس میں بھی نہیں نظرانداز کارکنان دل برداشتہ ہوچکے ہیں خودسوزی کی باتیں کررہے ہیں مگر ہم انہیں سمجھا رہے ہیں کہ ہمارا خان ہماری ضرور سنے گا۔