اکنامک ٹیررازم کا قانون منظور ہوگیا تو جینا دشوار ہوجائے گا، رضاربانی

707

کراچی : پیپلز پارٹی  کے رہنما سینیٹررضا ربانی کا کہنا ہے کہ اکنامک ٹیررازم کا قانون منظور ہوگیا تو جینا دشوار ہوجائے گا، کراچی سندھ کا حصہ ہے اور ہمیشہ رہے گا،کراچی کو سندھ سے الگ  کرنے کا خواب پورا نہیں ہوگا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ حکومت ہر روز 18ویں ترمیم میں ردوبدل کی بات کرتی ہے،18ویں ترمیم اور ون یونٹ پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، مولانا فضل الرحمن کے ساتھ تعلقات میں کوئی غلط فہمی نہیں۔

انہوں نے کہاکہ نوید قمر نے ایف اے ٹی ایف قوانین پر بریفنگ دی تھی، وفاق کو پہلے پتہ تھا کہ  یہ قوانین کالے ہیں پر جان بوجھ کر پارلیمنٹ میں بل دیر سے لایا گیا،حکومت ایسی شقیں ڈال رہی ہے، جس سے عام آدمی کے حقوق متاثر ہوں،ہر شخص کو خوف میں زندگی گزارنے جیسے قوانین بنائے جارہےہیں ۔

رضاربانی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن عوام کے حقوق پامال ہونے نہیں دے گی، اکنامک ٹیررازم پر بنائے جانے والے قانون سے ہر آدمی اس قانون کی زد میں آئے گا،اگریہ قانون اسی حالت میں آیا تو ہر انسان کا جینا مشکل ہوجائے گا،اپوزیشن جماعتیں مل کر ان قوانین کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گی۔

انہوں نے مزید کہاکہ ہم ہمیشہ نیب سے متاثر رہے ہیں،ہیومن رائٹس واچ نے نیب کو ایکسپوز کیا ہے،نیب سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے نے ادارے کی قلعی کھول دی ہے۔