افغانستان: 400 طالبان قیدیوں کی رہائی کا عمل شروع

1017

کابل: افغانستان کی حکومت نے افغان طالبان کے 400 قیدیوں کی رہائی کا عمل شروع کردیا۔ جب کہ 80 قیدیوں کو آج رہائی مل گئی ہے۔

افغانستان کے نیشنل سیکیورٹی کونسل کے مطابق 400 طالبان قیدیوں میں سے 80 کو آج رہا کردیا گیا ہے، قیدیوں کی رہائی سے افغانستان میں مکمل جنگ بندی کی کوششوں میں تیزی کی امید ہے۔

غیر ملکی میڈٰیا کے مطابق رہائی پانے والے قیدیوں میں سے 44 ایسے قیدی ہیں جو بڑے حملوں میں ملوث رہ چکے ہیں۔

میڈیا کے مطابق حملوں میں ملوث قیدیوں کی رہائی پر امریکا سمیت دیگر ممالک تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔ جب کہ گزشتہ روز افغان صدر اشرف غنی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ 44 طالبان قیدیوں کی رہائی دنیا کے لیے خطرناک ہوگی۔

تمام طالبان قیدیوں کی رہائی کا عمل کابل کے پل چرخی جیل سے شروع کیا گیا ہے۔