لاڑکانہ کے رہائشی ایک ہی خاندان کے 3 افراد کینیڈا میں ڈوب گئے

11117

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ کے رہائشی ایک ہی خاندان کے تین افراد کینیڈا کے شہر اڈمنٹن میں ایک تفریحی مقام پر ڈوب کر جاں بحق، ورثا لاشیں پاکستان لانے کے لیے کوشاں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے لاشیں پاکستان لانے کی اپیل۔ کینیڈا کے صوبے البرٹا کے شہر ڈمنٹن کے ایک تفریحی مقام کریسینٹ آبشار میں لاڑکانہ کی رہائشی اوڈھ فیملی کے ساتھ افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے، جس میں خاتون سمیت دو افراد ڈوب گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں کھٹان بازار کے رہائشی 24 سالہ انوپ اور اس کے 34 سالہ ماموں ڈاکٹر پرتاب اور ان کی اہلیہ کینجھر شامل ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ تفریحی مقام پر انوپ کے ڈوبنے کے بعد ان کے ماموں اور ممانی نے اسے بچانے کی کوشش کی تو وہ بھی ڈوب گئے۔ انوپ مہران یونیورسٹی سے انجینئرنگ کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد مزید پڑھائی کے سلسلے میں کچھ عرصہ سے اپنے ماموں ممانی کے پاس کینیڈا میں مقیم تھا۔ تینوں متوفین کی لاشیں نجی اسپتال کے سردخانے میں موجود ہیں، لواحقین متوفین کی لاشوں کو پاکستان لانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اپیل کی کہ لاشیں پاکستان لانے میں ان کی مدد کریں۔