جیکب آباد، 120 فٹ سبز ہلالی پرچم لہرانے کا اعلان

11972

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد میں جشن آزادی کے موقع پر ڈی سی کی جانب سے 120 فٹ سبز ہلالی پرچم لہرانے کا اعلان، ڈی سی چوک کا نام پاکستان چوک رکھنے کا اجلاس میں فیصلہ، افسران دفاتر پر قومی پرچم لہرائیں، سرکاری گاڑی سبز پرچم کے سوا نظر نہ آئے ڈی سی غضنفر علی قادری۔ جیکب آباد میں جشن آزادی بھرپور طریقے سے منانے کے حوالے سے اہم اجلاس ڈی سی غضنفر علی قادری کی صدارت میں ہوا جس میں ایس ایس پی طارق نواز، اے ڈی سی حاجن اجن، رینجرز ڈی ایس آر ممتاز علی سمیت دیگر حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میںبلدیہ چوک سے پریس کلب تک ریلی نکالنے، ڈی سی چوک کام نام پاکستان چوک رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جشن آزادی کی مرکزی تقریب بحریہ کالج میں ہوگی، ڈی سی نے پاکستان چوک پر 120 فٹ کا سبز ہلالی پرچم لہرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ افسران دفاتر پر سبز پرچم لگائیں، کوئی بھی سرکاری گاڑی بنا پرچم کے نہ ہو، جشن آزاد ی منانے کا مقصد در اصل ان لوگوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت کرنا بھی ہے جن کی بدولت ملک قائم ہوا اور محفوظ بھی ہے، ملک کی حفاظت کے لیے قربانیاں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ آزادی کا دن زندہ قومیں مناتی ہیں، جشن آزادی عوام بھرپور طریقے سے منائیں اور یہ ثابت کریں کہ پاکستانی متحد ہیں، گھر اور سرکاری دفاتر پر جشن آزادی کی خوشی میں چراغاں کیا جائے۔ ایس ایس پی طارق نواز نے کہا کہ جشن آزادی کے حوالے سے سیکورٹی کے خاص انتظامات کیے گئے ہیں، کہیں مشکوک گاڑی یا چیز نظر آئے پولیس کو فوری اطلاع کریں۔