مریم نواز پر حملے کا الزام: عدالت کا پولیس کو رپورٹ جمع کرانے کا حکم

765

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز پر احتساب بیورو کے دفتر میں پیشی کے دوران حملے کے الزام میں عدالت نے پولیس کو 18 اگست تک مکمل رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق نیب دفتر میں پیشی کے دوران مریم نواز پر حملے کے الزام سے متعلق (ن) لیگ کی درخواست پر لاہور کے سیشن کورٹ میں ایڈیشنل سیشن جج اعجاز گوندل نے سماعت کی۔

درخواست مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے دائر کی۔ درخواست میں عمران خان، شہزا داکبر، چیئرمین اور ڈی جی نیب فریق بنایا گیا۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ مریم نواز کی نیب میں پیشی کے دوران قاتلانہ حملہ کیا گیا، سرکاری مشینری اور طاقت کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ حملہ کرنے اور احکامات جاری کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ جس پر سیشن کورٹ نے پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے واقعے کی مکمل رپورٹ 18 اگست تک جمع کرانے کا حکم دے دیا۔