بی آر ٹی منصوبہ، تحریک انصاف نے غلطی مان لی

477

وزیراعلیٰ خیبرپختونخو ا محمود خان نے بی آر ٹی منصوبے کے لیے 6 ماہ کا وقت دینے کو غلطی قرار دے دیا۔

پشاور میں انسداد پولیو مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبے کے لیے 6 ماہ کا وقت دینا غلطی تھی اور غلطی انسان سے ہی ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچ چکا ہے جس کا افتتاح 13 اگست کو وزیراعظم کریں گے تاہم 6 ماہ میں منصوبہ مکمل کرنے کی بات غلطی تھی۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے بی آر ٹی منصوبے شروع کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ وہ 6 ماہ میں اسے پایہ تکمیل تک پہنچائیں گےجب کہ منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 49 ارب روپے لگایا گیا جو 71 ارب روپے سے بھی تجاوز کرچکا ہے۔

 وزیراعظم نے جون 2020 میں پشاور بس ریپڈ منصوبے  کا افتتاح کرنا تھا لیکن کورونا وائرس کے سبب تاخیر کی گئی تاہم اب 13 اگست کو بی آر ٹی پشاور کا باضابطہ طور پر افتتاح کردیا جائے گا۔