مریم نواز نے والدکی روایات کو زندہ رکھتے ہوئے نیب پر حملہ کیا،فیاض الحسن

685

لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے والدکی روایات کو زندہ رکھتے ہوئے نیب پر حملہ کیا، پہلی مرتبہ نیب کے دفتر پر کسی نے حملہ کیا۔

صوبائی وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مریم صفدر کی منافقانہ سیاست بے نقاب ہوچکی، مریم نواز نے اپنےچچا اور کزن حمزہ کی سیاست پر چھرا گھونپا ہے،بیگم صفدر اعوان نے شہباز شریف اور والد کی سیاست پر خودکش حملہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرویز رشید نے مریم صفدر کو نئی حکمت عملی بتائی، آٹھ دن کی منصوبہ بندی پربندے اکھٹے کیے گئے،ن لیگ کے کارکن ادھار پر کام کرنے کو تیا رنہیں تھے ، تو کل رات رائے ونڈ میں 10لاکھ روپے تقسیم کیے گئے،ن لیگ کی قیادت نے پتھر مارنے والے کارکن کو فی کس25ہزار روپے ایڈوانس دیے، جبکہ ن لیگ نے مریم نواز کی گاڑی کو پتھر مارنے والے کارکن کو ایک لاکھ روپے دیے،پورے پنجاب سے ن لیگ مشکل سے 200کارکن جمع کرسکی۔

فیاض الحسن چوہان نے کہاکہ 1998میں ن لیگ نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا، آج ن لیگ کی سیاست کا جنازہ نکل گیا۔

راجہ بشارت نے کہاکہ ن لیگ نے ثابت کردیا کہ وہ اداروں کا احترام نہیں کرتی، ن لیگ اداروں پر دباؤ ڈالنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے، آج ن لیگ نے سپریم کورٹ پر حملے کی تاریخ دہرائی، پتھراؤ کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج ہونگے۔

وزیر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ زخمی اہلکاروں کو جناح اسپتال میں منتقل کیا گیا،پتھراؤ سے زخمی 4پولیس اہلکار جناح اسپتال میں زیر علاج ہیں، میڈیا آج کے واقعے کی عینی شاہد ہے،آج ن لیگ کا اصل چہرہ میڈیا نے اجاگر کیا،مریم نواز کو آج ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ آج جن لوگوں نے قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کی ان کو گرفتار کریں گے،پولیس اہلکاروں کو زخمی کرنے اور پتھراؤ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، ماضی میں غنڈہ گردی کا شاید ہی ایسا کوئی مظاہر ہ کوئی دیکھا ہو۔

راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے کارکنان نے نیب آفس اور پولیس پر پتھراؤ کیا،ن لیگ کی قیادت کی غلط فہمی ہےکہ ایسے ہتھکنڈے استعمال کرکے حکومت پر دباؤ ڈال سکے گی،مریم نواز چند کارکنوں کو نیب لے کر جاتی تو یہ صورتحال نہ پیدا ہوتی،مریم نواز نے ضمانت کی رعایت کا ناجائز فائدہ اٹھایا۔