سندھ حکومت نے کورونا لاک ڈاؤن پابندیاں ختم کردیں

530

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کی پابندیاں ختم کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے شادی ہالز اور اسکولز 15 ستمبر تک بند رہیں گے۔

سندھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ  کورونا ٹاسک فورس کے اعلامیے کے مطابق  کاروباری اوقات کار تبدیل کریے گئے ہیں جو اب صبح 6 بجے سے رات8بجے تک ہوں گے تاہم ہفتے کے روز سندھ میں کاروباری سرگرمیاں رات9 بجے تک ہو سکیں گی۔

ایس او پیز کے تحت شائقین کے بغیر کھیلوں کے ٹورنامنٹس کا انعقاد ممکن ہوسکے گا ، سیاحتی مقامات بھی کھول دیے گئے اور ٹورازم اور ہوٹلوں میں رہائش کی اجازت بھی دے دی گئی ہے جبکہ بیوٹی پارلرز، جم اور کھیل کے میدانوں پر عائد پابندیاں بھی ختم کر دی گئی ہیں۔

سندھ حکومت کے اعلامیہ میں مزید کہا گیاہے، تھیٹرز، ہوٹلز اور ریسٹورنٹس پر عائد پابندیاں بھی ختم کر دی گئی ہیں لیکن شادی ہالز اور سکولز 15 ستمبر تک بند رہیں گے۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے بھی این سی او سی اور وزیراعلیٰ کی ہدایت پر شادی ہالوں کے علاوہ تمام کاروباری مراکز آج سے کھول دیے ہیں، تاہم مذہبی اجتماعات متعلقہ انتظامیہ کی اجازت اور ایس او پیز پر عمل درآمد سے مشروط ہوں گے۔

کاروبار کے اوقات کار اور ہفتہ وار چھٹیاں کورونا وائرس سے پہلے والے معمول کے مطابق ہوں گی۔

پنجاب حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خطرہ ابھی ٹلا نہیں، گزارش ہے کہ احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔a