نئے سرے سے گنتی شروع

587

وزیراعظم عمران خان نیازی نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے کشتیاں جلا دی ہیں۔ اس ملک کے لیے دو سال مشکل تھے اب ترقی شروع ہوگی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کشمیر اور ایف اے ٹی ایف پر قانون سازی کے بدلے این آر او مانگا گیا۔ ایک مشکل گزرتی ہے تو دوسری آجاتی ہے۔ پاکستانی قوم کئی برس کے پروپیگنڈے کے بعد تبدیلی کی منتظر تھی اور مشکل سال نہیں مشکل عشرے گزار چکی تھی۔ قوم کو یہی بتایا گیا تھا کہ عمران خان کے آتے ہی ملک میں ترقی شروع ہو جائے گی۔ اگلے دن غیر ملکی پیسہ آجائے گا۔ چند روز میں کرپشن کرنے والوں سے رقم نکلوا لی جائے گی۔ بڑے بڑے ترقیاتی منصوبے شروع ہوں گے اور بس پاکستان، ٹائیگر وغیرہ بن جائے گا۔ یہ یقین دلانے والے خود بھی چلے گئے۔ عمران خان صرف شکوے کر رہے ہیں کہ این آر او والے ہر جگہ جمع ہو جاتے ہیں۔ ایک مشکل گزرتی ہے تو دوسری آجاتی ہے۔ خان صاحب نہ جانے اقتدار کو کیا سمجھ بیٹھے تھے۔ مخلص آدمی کے لیے تو یہ کانٹوں کا بستر ہے اب دو سال گزرنے کے بعد خان صاحب نے کہا ہے کہ گنتی دوبارہ شروع کرو۔