سندھ حکومت نے بھی تمام کاروباری مراکز کھولنے کا فیصلہ کرلیا

885

کراچی : سندھ حکومت نے بھی صوبے میں تمام کاروباری مراکز 10 اگست سے کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا ہےکہ سندھ میں 10اگست سے ریسٹورنٹ ،کیفے ،سینما اور بزنس سینٹر کھول دیے جائیں گے،ایکسپو سینٹرز ، بیوٹی پارلرز اور جم بھی 10اگست سے کھولنے کی اجازت ہوگی۔

انہوں نے مزید کہاکہ امیوزمنٹ پارک 10اگست سے نہیں کھولے جائیں گے،سندھ حکومت اپنی ایس او پیز جاری کرے گی، ایڈیشنل ہوم سیکریٹری اس پر کام کررہے ہیں۔

صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ حالات بہتر ہوئے تو اسکول 15ستمبر کو کھول دیےجائیں گے،اگر کیسز بڑھ گئے تو فیصلوں پر نظر ثانی کرسکتے ہیں، اگر حالات خراب ہوئے تو جو بزنس کھول رہے ہیں، وہ بند کرنے پر غور کرسکتے ہیں،90فیصد اتفاق ہے کہ چیزیں ایس او پیز کے تحت کھول دی جائیں، اس وجہ سے 10اگست سے تمام کاروباری مراکز کھول رہے ہیں۔