عوام کو بارش سے پھر شدید اذ یت ‘ کے الیکٹرک غلط بیانی کر ر ہی ہے‘ حافظ نعیم

269

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی میں مون سون کی بارش کے چوتھے اسپیل کے دوران بھی کراچی کے عوام کو ان ہی مشکلات و پریشانی اور اذیت کا سامنا کرنا پڑا جیسے پہلے کرنا پڑا تھا‘ نالوں کی بحالی، صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے انتظامات کے بہتر کیے جانے کے دعووں اور اعلانات کے باوجود صورتحال بدستور خراب ہے اور کے الیکٹرک نے بجلی بندکرکے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے‘ بارش ہوتے ہی شہر کے بیشتر علاقے بجلی سے محروم ہو گئے ‘ کے الیکٹرک کے 400 سے زاید فیڈرز ٹرپ ہو گئے‘ بن قاسم پاور پلانٹ کے کچھ یونٹ بند کر دیے گئے‘ رات کے اوقات میں بھی بجلی بحال نہ ہوئی‘ کے الیکٹرک کی جانب سے غلط بیانی پر مبنی بیانات دے کر عوام کو بے وقوف بنانے اور اپنی نا اہلی و ناقص کارکردگی کو چھپانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں‘ صوبائی حکومت اور بلدیاتی قیادت عوام کو ریلیف دینے میں ایک بار پھر ناکام ثابت ہو ئی ہے اور عوام کا کوئی پُر سان ِ حال نہیں‘ کے الیکٹرک اور حکومتوں کی نا اہلی، بد انتظامی اور مجرمانہ غفلت و لاپرواہی نے بارانِ رحمت کو شہریوں کے لیے زحمت بنا دیا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بارش کے دوران سڑکوں پر پانی جمع ہونے، جگہ جگہ گڑھے پڑنے اور کچرے کے ڈھیروں نے آمد و رفت میں شدید رکاوٹیں پیدا کردی ہیں اور عوام کو جگہ جگہ شدید ٹریفک جام کا بھی سامنا کرنا پڑا اور صورتحال میں بہتری کی کوئی اُمید نظر نہیں آ رہی ۔