حالات خراب ہوئے تو 15ستمبر سے بھی اسکول نہیں کھولیں گے‘ سعیدغنی

69

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیرتعلیم سعید غنی نے خبردار کیا ہے کہ اگر کورونا وائرس کے باعث حالات خراب ہوئے تو 15 ستمبر سے بھی اسکول نہیں کھلیں گے۔یاد رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث مارچ سے تعلیمی ادارے بند ہیں جن کو وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں 15 ستمبر سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جب کہ آل پاکستان پرائیوٹ اسکولز فیڈریشن نے وزرائے تعلیم کانفرنس کا اعلامیہ مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت 15 اگست سے ملک بھر کے اسکولز کھولنے کا اعلان کرے، بصورت دیگر وہ خود تعلیمی ادارے کھول لیں گے۔اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ اسکول کھولنے کا فیصلہ حکومت کرے گی، نجی اسکول ایسوسی ایشن نہیں کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ مختلف ممالک سے جو رپورٹس آرہی ہے وہ زیادہ اچھی نہیں، کچھ ممالک میں کورونا دوبارہ سے پھیلا ہے ہم ایسی صورت حال نہیں چاہتے۔ اگر حالات خراب ہوئے تو ہوسکتا ہے 15ستمبر کو بھی اسکول نہ کھولیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بڑی صنعتوں کو تنخواہیں اور اخراجات پورے کرنے کیلیے قرضے دینے کا اعلان کیا تھا اسی طرح اگر سکولوں کو بھی اس طرح کی سہولت دی جائے تو کافی بہتر ہوجائے گا۔یہ نہیں ہوسکتا کہ ملک بھر میں صوبائی حکومتیں اسکول نہ کھولنے کا فیصلہ کریں اور نجی ا سکول ایسوسی ایشن کہے کہ ہم نے اسکول کھولنے ہیں۔