آئی بی اے کراچی نے ایم ایس فنانس کا آغاز کر دیا

229

کراچی(اسٹاف رپورٹر) آئی بی اے کراچی نے Fall 2020 میں ماسٹر آف سائنس ان فنانس کا آغاز کر دیا ہے۔تین سمسٹر پر مشتمل ایم ایس لیڈنگ ٹو پی ایچ ڈی پروگرام63 کریڈٹ اورز پر محیط ہے۔یہ پروگرام بزنس اور نان بزنس نصاب سے وابستہ طلباء کے لیے مرتب کیا گیا ہے۔ چیئرپرسن فنانس ڈیپارٹمنٹ ، ڈاکٹر احمد جنید نے بتایا کہ پروگرام کا مقصد نہ صرف کارپوریٹ سیکٹر کے لیے اعلیٰ معیار کے پروفشنل تیا ر کرناہے بلکہ تدریسی کیرئیر کو اپنانے کے خواہشمند طلبا کویکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔ڈاکٹر جنید نے وضاحت کی کہ کارپوریٹ روٹ اختیار کرنے والے طلبا پروجیکٹ کا انتخاب کرسکتے ہیں جبکہ تعلیمی روٹ اپنانے والے طلبا کورس ورک کے ساتھ تحقیقی مقالے کا چناؤ کر سکتے ہیں۔پروگرام کی افادیت پر تبصرہ کر تے ہوئے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر آئی بی اے کراچی ڈاکٹر ایس اکبر زیدی نے کہا ” حال ہی میں پاکستان کے مالیاتی شعبے میں سب سے زیادہ شرح نمو رہی ہے۔ بڑھتی ہوئی شرح مالیاتی مصنوعات، اداروں اور نظام میں جدت پیش کرتی ہے لہذا ماہرین فنانس کے لیے ملازمت کے موقع بڑھ رہے ہیں”۔ایم ایس فنانس میں داخلے کی آخری تاریخ 13 اگست ہے۔اس پروگرام کی شمولیت کے بعد آئی بی اے کراچی اب 10 گریجویٹ، 6 انڈر گریجویٹ اور 3 پوسٹ گریجویٹ پروگرام آفر کر رہا ہے۔