طیارہ حادثہ: پی آئی اے کا لواحقین کو ایک کروڑ فی مسافر ادائیگی کا اعلان

244

لاہور(نمائندہ جسارت) پی آئی اے انتظامیہ نے طیارہ حادثہ لواحقین کو ایک کروڑ فی مسافر ادائیگی کا اعلان کردیا۔ سی ای او پی آئی اے ائر مارشل ارشد ملک کے انشورنس کمپنی کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں،جس کے بعد ترجمان قومی ائرلائن کے مطابق اس سے قبل تمام لواحقین کو 50 لاکھ روپے ادا کیے جانے تھے جو کیرج بائی ائر ایکٹ 2012ء کے مطابق تھے۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق اب تمام مسافروں کے قانونی ورثاء کو ایک کروڑ روپے فی مسافر انشورنس کی مد میں ادا کیے جائیں گے، اس سے قبل پی آئی اے 10 لاکھ روپے فی مسافر جنازے اور تدفین کی مد میں پہلے ہی ادا کر چکی ہے تاہم بڑھائی گئی انشورنس رقم پہلے سے ادا کی گئی رقم کے علاوہ ہے۔ترجمان کے مطابق پی آئی اے نے اس سلسلے میں کام مکمل کرلیا ہے اور اب اسے ورثاء کی جانب سے جانشینی سرٹیفکیٹ کا انتظار ہے، اس سلسلے میں ورثاء کو خطوط ارسال کیے جارہے ہیں۔