جماعت اسلامی کی بھارتی اقدامات کے خلاف احتجاجی ریلی آج ہوگی

992

   کراچی: جماعت اسلامی بھارتی اقدامات کے خلاف یوم سیاہ اور احتجاجی ریلی آج نکالے گی، ریلی میں بھارت کی مذمت اور کشمیری عوام سے بھر پور اظہار یکجہتی کی جائے گی۔

امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر کی علیحدہ آئینی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدامات، ایک سال کے طویل لاک ڈاؤن اور ریاستی جبر و تشدد کے خلاف 5اگست کو آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں ”یوم سیاہ“ کے سلسلے میں کراچی میں شام5بجے بیت المکرم مسجد تا حسن اسکوائر گلشن اقبال  امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر قیادت ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔

 سیکریٹری جماعت اسلامی کراچی عبد الوہاب نے کراچی کے عوام سے اپیل کی ہے کہ ریلی میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شریک ہوں اور اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کریں۔ کشمیر پاکستا ن کی شہ رگ ہے اور کشمیر ی عوام کی تحریک آزادی تکمیل پاکستان کی جدو جہد ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ وادی میں فوجی طاقت کے زور پر اپنا تسلط برقرار رکھا ہے اور مسلسل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، گزشتہ سال 5اگست کو بھارت نے یکطرفہ طور پر کشمیر کی علیحدہ آئینی حیثیت ختم کرنے کے لیے اپنے آئین میں ترمیم کر کے اس  پر قبضہ کرنے کی جانب قدم بڑھایا ہے جسے کشمیری عوام نے  مسترد کردیا ہے اور ان اقدامات کے خلاف احتجاج کی ایک نئی لہر پیدا ہوئی ہے جسے دبانے کے لیے بھارتی حکومت نے مقبوضہ وادی میں مسلسل لاک ڈاؤن لگا رکھا ہے۔