ٹنڈوالٰہیار ، عید قربان پر صفائی کے ناقص انتظامات ، میونسپل عملہ غائب

239

 

ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) ٹنڈوالٰہیار میں عیدالفطر کے بعد عید قربان پر بھی ٹنڈوالٰہیار انتظامیہ کی ناقص کارکردگی، عید کے تینوں ایام میں صفائی کا عملہ غائب، گندگی کے ڈھیر اور آلائشوں سے اٹھنے والے تعفن نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا، شہری حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ ٹنڈوالہٰیار انتظامیہ کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کے باعث عیدالفطر کے بعد عیدالاضحی کے ایام بھی شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کا فقدان رہا، عید قربان کے تینوں ایام میں صفائی کا عملہ غائب رہنے کی وجہ سے شہر کے مختلف مقامات چمبڑ روڈ، بکرا روڈ، نصرپور روڈ، میروا روڈ، اکرم کالونی، ناگوری پلاٹ، سومرا کالونی، میر کا گوٹ، کشمیری کالونی، خانزادہ کالونی، ابراہیم کالونی، نصیبہ کالونی، بیل کالونی اور مین شاہراہوں پر گندگی کے ڈھیر اور آلائشیں انتظامیہ کی مثالی کارکردگی کو منہ چڑاتی رہیں۔ شہریوں کی جانب سے عید قربان کے موقع پر صفائی کے نظام کو بہتر نہ بنائے جانے والے عمل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ٹنڈوالہٰیار انتظامیہ شہریوں کو بنیادی و بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے بلند و بانگ دعوے تو کرتی ہے لیکن افسوس یہ وعدے صرف سفارشی من پسند افراد کے گھروں کے سامنے ہی نظر آتے ہیں۔ گندگی کے ڈھیروں اور آلائشیوں سے اٹھنے والے تعفن کی وجہ سے شہری بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں لیکن ٹنڈوالہٰیار انتظامیہ کو شہریوں کا کوئی خیال نہیں ہے۔ شہری حلقوں نے چیف جسٹس پاکستان و دیگر بالا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کا نوٹس لے کر شہریوں کو بنیادی و بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔