الخدمت فائونڈیشن بلوچستان کے تحت مستحقین ، قیدیوں اور مدارس میں گوشت تقسیم

194

 

کوئٹہ (این این آئی) الخدمت فائونڈیشن بلوچستان کے صدر انجینئر جمیل احمد کرد، جنرل سیکرٹری اعجاز محبوب نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن عیدالاضحی کے موقع پر صوبہ بھر میں سنت ابراہیمی ؑپر عمل کرتے ہوئے قربانی فی سبیل اللہ پراجیکٹ کے تحت دو کروڑ مالیت کے چار سو چھوٹے بڑے جانور قربان کیے، منظم اندازمیں جیل کے قیدیوں، مدارس کے غریب طلبہ، یتیموں، بیوائوں، بے سہارا لوگوں سمیت مختلف طبقات کے مستحقین تک گوشت پہنچا دیے، یہ سب اللہ کی نصرت، مخیر حضرات کے اعتماد، الخدمت کے رضاکاروں کی بدولت ممکن ہوا، عید کے دن الخدمت کے اضلاع کے صدور و رضاکاروں نے ذاتی خوشی قربان کرکے اللہ کے مجبور مستحق بندوں کی خوشی پر ترجیح دی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید کے دوسرے دن الخدمت فائونڈیشن کے زیر اہتمام اسپیشل ہائی اسکول میں بننے والے قربان گاہ میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر الخدمت فائونڈیشن کے قمر ابراہیم، فیضان خان، عبدالولی خان شاکر بھی موجود تھے۔ الخدمت فائونڈیشن کے صدر انجینئر جمیل احمد کرد نے مزید کہا کہ ہم نے صوبہ بھر میں سنت ابراہیمی ؑ پر عمل کرتے ہوئے قربانی کرکے گوشت غرباء، مساکین ومستحقین کو پہنچا دیے۔ الحمد للہ مخیر حضرات، فلاحی تنظیموں نے الخدمت فائونڈیشن پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے ہم اس پر بھرپور اتر رہے ہیں۔ آج بلوچستان میں غربت، بے روزگاری کی وجہ سے غریب کے گھر میں چولہے بند ہیں، گوشت کھانے کوصرف بڑی عید پر غریبوں کو نصیب ہوتا ہے۔ ان حالات میں گوشت ذخیرہ کرکے خراب کرنے کے بجائے غرباء ومساکین کو دینا بہتر و افضل عمل ہے، بدقسمتی سے بلوچستان کے غریب ومستحق لوگوں کو بہتر توجہ نہیں مل رہی جس کی وجہ سے آج انہیں نہ صاف پانی میسر ہے اور نہ ہی تعلیم وعلاج کی سہولت، ہم سب مل کر بلوچستان کے مظلوم عوام کو خوشیاں دے سکتے ہیں۔ عید کے پہلے دن اجتماعی قربانی اور دوسرے دن قربانی فی سبیل اللہ منظم اندازمیں بخیر وخوبی ہوگئی۔ ہم نے ذمے داران و رضاکاروں کے ذریعے گوشت جیل کے قیدیوں، مدارس کے طلبہ، یتیم بچوں، غریب کسانوں، مستحق طلبہ ونوجوانوں، خواجہ سراء، عمر رسیدہ افراد، دارالامان کے مستحقین، کچرہ چننے والے بچوں، اقلیتی برادری سمیت منشیات کے علاج سینٹرز میں رہنے والے مستحق مریضوں میں منظم انداز میں پہنچا دیے۔ ہمیں عیدالاضحی کے موقع پر سفید پوش ضرورت مندوں کا خصوصی خیال رکھنا چاہیے، بہت سے ایسے خاندان و لوگ ہیں جو ضرورت کے باوجود نہیں مانگ سکتے، ہماری کوشش تھی کہ اس قسم کے لوگوں تک گوشت پہنچانے کا اہتمام ہو۔ مستحق لوگوں کا ہم پر، ہمارے مال پر حق ہے اور اگر یہ حق ہم منظم انداز میں ایمانداری واخلاص سے پہنچا دیں تو ہماری دنیا وآخرت سنور سکتی ہے۔