پیٹرول کے نرخ میں اضافہ عوام دشمن اقدام ہے ، کسان بورڈ

156

 

فیصل آباد (جسارت نیوز) کسان بورڈ نے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت اپنے تمام دعوئوں کے برعکس عوام دشمن اقدامات کررہی ہے، پوری دنیا میں اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں تاریخ کی کم ترین سطح پر ہیں لیکن پاکستانی حکمران طبقہ ہر ماہ اس میں ہوشربا اضافہ کرکے اپنی تجوریاں بھرنے میں مصروف ہے۔ ضلعی صدر علی احمد گورایہ نے کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کرکے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے، دنیا میں پیٹرول کی قیمتیںآ دھی رہ گئی ہیں لیکن ہمارے حکمران خسارہ پورے کرنے کے نام پر عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈال کر اپنی تجوریاں بھر رہے ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کا سب سے زیادہ اثر زرعی معیشت پر ہوتا ہے۔ تیل کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی زرعی مداخل کو خریدنے، لے جانے اور زرعی مصنوعات کو منڈیوں میں لانے کے لیے کرایوں میں بے پناہ اضافہ کردیا جاتا ہے۔ ایسے اقدامات سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی زراعت کو توڑنے کی گھنائونی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی آبادی کا 68 فیصد زراعت سے منسلک ہے، جن کی زندگی ملک پر قابض اشرافیہ نے اجیرن بنادی ہے۔ کسان اور مزدور ملک کا سب سے زیادہ مظلوم طبقہ ہے، جن کی زندگی سے سکون چھین لیا گیا ہے۔ کسان سارا سارا سال محنت کرتا ہے مگر اس کی محنت کا پھل جاگیردار اور سرمایہ دار کھاتے ہیں اور کسان کے بچے بھوکے پیٹ سوتے ہیں۔