آلائشیں اٹھانے کے کام میں سستی کا مظاہرہ ،شہر تعفن کی لپیٹ میں آگیا

178

کراچی(اسٹاف رپورٹر)عید الاضحی کے موقع پر بلدیہ حکام کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، شہرقائد کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر آلائشیں اب تک موجود ہیں، شہریوں کو شدید کوفت اور اذیت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں اختیارات کی جنگ اور اداروں کی نااہلی کے سبب آلائشوں کے ڈھیر لگ گئے، کچرے کی ابتر صورت حال کے بعد شہر میں آلائشوں کے ڈھیر اور ابلتے گٹروں کا نیا مسئلہ پیدا ہو گیا ہے۔کورنگی ساڑھے 3نمبر فیکٹری ایریا کی مرکزی سڑک پر آلائشوں کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں،آلائشوں کے ڈھیر کے باعث علاقوں میں شدید تعفن اور ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہورہی ہے۔اس حوالے سے یو سی وائس چیئرپرسن روبینہ انصاری کا کہنا ہے کہ یہ آلائشیں ایک منظم سازش کے تحت سڑکوں پر پھینکی گئی ہیں، رات گئے تمام متعلقہ علاقوں سے آلائشیں اٹھالی گئی تھیں۔دوسری جانب کراچی کے علاقے عائشہ منزل کے قریب سڑک پر آلائشیں موجود ہیں، جنہیں اٹھانے والا کوئی نہیں جس کے باعث وہاں سے گزرنے والی گاڑیوں کی روانی میں خل پڑرہا ہے۔عید کے تیسرے دن محکمہ بلدیات اور سالڈ ویسٹ آلائشیں اٹھانے میں ناکام رہی۔ دوسری طرف سندھ سالڈ ویسٹ کا دعویٰ ہے کہ تینوں دن شہر کے مختلف علاقوں میں ڈمپنگ پوائنٹ بنا کر آلائشیں پھینکی گئی ہیں۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ آلائشیں اٹھانے کیلیے سندھ سالڈ ویسٹ کے پاس نہ تو افرادی قوت ہے نہ مشینری جس سے اس مسئلے سے نمٹا جاسکے۔