وسطی اور غربی میں آلائشیں اٹھانے کا عمل بہتر نہیں تھا، میئر

123

کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے شہر میں صفائی ستھرائی اور آلائشیں اٹھانے کا جائزہ لینے کے لیے عید کے پہلے اور دوسرے روزشہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور آلائشیں اٹھانے کے آپریشن کا جائزہ لیا۔اس موقع پر میئر کراچی نے کہا کہ ضلع وسطی اور غربی میں آلائشیں اٹھانے کا عمل بہتر نہیں تھا، نالوں کی صفائی کے لیے این ڈی ایم اے اور فوج کو بلایا گیا ہے، کے ایم سی کے پاس وسائل ہوتے تو ہم نالوں کو صاف کرکے دکھاتے، این ڈی ایم اے کراچی کے 3 بڑے نالوں کو صاف کرے گی، جس پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع شرقی اور ضلع کورنگی میں صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتر رہی لیکن ضلع وسطی اور غربی میں آلائشیں اٹھانے کا عمل بہتر نہیں تھا، ضلع وسطی اور غربی میں اندرون گلیوں سے منتخب نمائندوں نے آلائشیں اٹھانے میں مدد فراہم کی۔