امریکا چین کشیدگی عالمی تجارتی و مالیاتی نظام کو بکھیرکر رکھ دے گی،شاہد رشید بٹ

393

اسلام آباد(کامرس ڈیسک) تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ امریکا اور چین کے مابین کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے جس سے نمٹنا پاکستان اور دیگر درجنوں ممالک کے لیے بڑا چیلنج ہو گا۔دونوں طاقتور ممالک کے مابین اگرباقائدہ تصادم کی نوبت نہ بھی آئی اور کشیدگی بڑھتی رہی تو یہ عالمی سیاسی، سماجی ،تجارتی و مالیاتی نظام کو بکھیر کر رکھ دے گی اور ایک نئی سرد جنگ کے آغاز سے قبل دنیا دو واضح بلاکوں میں بٹ جائے گی۔شاہد رشید بٹ نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا اور چین کی تجارتی کشیدگی اب سفارتی تنائواور اس سے بڑھ کر عسکری طاقت کے اظہار تک پہنچ چکی ہے جو پریشان کن ہے۔چین کی جانب سے لداخ بھارت ہانگ کانگ اور جنوبی چین کے سمندر کے معاملات میں غیر لچکدار رویہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ بھی اینٹ کا جواب پتھرسے دینے کے لیے تیار ہے۔ نومبر کے الیکشن میں جو بھی جیتے مگر چین کے لیے امریکی پالیسی میں تبدیلی کا امکان کم ہے جس نے یورپ سمیت ساری دنیا کو پریشان کر رکھا ہے۔سرد جنگ میں مشرقی بلاک کی شکست کا سبب ان کی کمزور معیشت تھی مگر متوقع جنگ میں مغربی بلاک اس آپشن سے محروم ہے۔پاکستان نے کئی دہائیوں سے متوازن خارجہ پالیسی کے ذریعے امریکا اور چین دونوں ممالک سے تعلقات رکھے ہوئے ہیں مگر کشیدگی بڑھی تو اسے بھی دونوں میں سے ایک ملک کا انتخاب کرنا ہو گا یا دونوں کی ناراضگی مول لینا ہو گی جو ناقابل برداشت اور پالیسی سازوں کا کڑا امتحان ہو گا۔اس سے پاکستان کی سیاست معیشت اور سوسائٹی پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ امریکا اس موقع پر بھارت کو استعمال کرنا چاہے گا جو نئی دہلی کی آخری غلطی ثابت ہو گی۔