اثاثہ جات کیس: منظور وسان کی عبوری ضمانت میں توسیع، تحقیقاتی رپورٹ طلب

441

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان کی عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک کی توسیع کردی۔

سندھ ہوئی کورٹ میں منظور وسان کے خلاف اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی جس میں نیب پراسیکیوٹر عدالت میں پیش ہوئے۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ منظور وسان کے خلاف تحقیقات مکمل کرلی، انکوائری کی تفصیلات ہیڈ کوارٹرز کو ارسال کردیں۔

عدالت نے کہا کہ کیا انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کیا جائے گا؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ چیئرمین نیب اس کا فیصلہ کریں گے۔

نیب نے بتایا کہ منظور وسان کے بینک اکاؤنٹس، جائیداد کی تفصیلات حاصل کرلی، آئندہ سماعت پر پیشرفت روپرٹ جمع کرائی جائے گی۔

عدالت نے منظور وسان کی عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے منظور وسان کے خلاف اب تک ہونے والی تحقیقاتی رپورٹ طلب کرلی۔