وفاقی حکومت کا کل پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ

905

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے کل پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے،اس حوالے سے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے سمری وزیراعظم عمران خان کو ارسال کردی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سینیٹ سے منظور نہ ہونے والے بل منظور کرائے جائیں گے، جس کے لیے اسلام آباد سے باہر جانے والے حکومتی ارکان کو بلالیا گیا ہے، حاضری کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل دن 11بجے ہوگا،جس میں مجوزہ بلوں میں اسلام آباد ہائی کورٹ ترمیمی بل 2018شامل ہے،سروئینگ اینڈ میپنگ ترمیمی بل 2020بھی مشترکہ اجلاس میں پیش ہوگا،ایف پی ایس سی رولز کی توثیق کا بل بھی شامل ہے۔

بابر اعوان کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ قومی سلامتی سے متعلق کل تاریخی قانون سازی کرے گی،قانون سازی حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

جبکہ عمران خان کا کہنا تھا کہ ملکی سلامتی سے متعلق قانون سازی میں تاخیر نہیں ہونے دیں گے۔