پاکستان میں ادویات کی قیمت پورے خطے میں سب سے زیادہ ہے: مشتاق احمد خان

700

سینیٹر مشتاق احمد خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ادویات کی قیمت پورے خطے میں سب سے زیادہ ہے، صحت ریاست کی ذمے داری ہوتی ہے۔

سینٹ کے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ کورونا بحران عروج پر ہے اور اس دوران حکومت نے ادویات کی قیمت  میں اضافہ کردیا، 2 سال میں 6 مرتبہ ادویات کی قیمت میں 200 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سینیٹر مشتاق خان نے کہا کہ ادویات کا مافیا روز بروز طاقتور ہو رہا ہے، فارما صنعت تیزی سے ترقی کررہی ہے، یہ دونوں ہاتھوں سے منافع کما کرقوم کو لوٹ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیر مملکت مافیا کی سرپرستی کررہا تھا لیکن اس کا ایک بال کوئی بیکا نہیں کرسکا، مافیا سے پاکستان کو نجات دلائی جائے، ادویات کی قیمت کم کریں۔

قبل ازیں سینیٹر مشاہد حسین سید نے سوال کیا کہ  ادویات اسکینڈل کی تحقیقات کی کیا صورتحال ہے؟ اس حکومت میں ادویات کی قیمتوں کا اسکینڈل آیا ،وزیر صحت کو فارغ کیا گیا،موجودہ حکومت سی پیک پر بھی نوازشریف کی پالیسی پر عمل کر رہی ہے۔

وزیر مملکت علی محمد خان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ڈرگ پرائسنگ پالیسی ہم نے نہیں نوازشریف حکومت نے بنائی تھی ہم نوازشریف دور کی ڈرگ پرائسنگ پالیسی کو ٹھیک کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق پی ایم ڈی سی بحال ہوچکی جب کہ حکومت نے 360 ادویات کی قیمتیں کم کیں جس پر کمپنیوں نے عدالت سے حکم امتناعی لیا۔

وزیرمملکت علی محمد خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا غرق شدہ نظام آپ نے ہمارے گلے میں ڈالا ہے ۔