جعلی پائلٹس کا معاملہ منطقی انجام تک پہنچائیں گے، غلام سرور خان

557

اسلام آباد : وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ پائلٹس کے لائسنسز سے متعلق انکوائری منطقی انجام تک پہنچائیں گے،ہم نے ہرسہولت کار اور مجرم تک پہنچنا ہے۔

سینیٹ کے اجلاس میں غلام سرورنے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ پی آئی اے کی دوبارہ تشکیل نو کرنی ہے، پی آئی اے نجکاری فہرست میں نہیں،ہم نے پی آئی اے کی نجکاری نہیں کرنی۔

انہوں نے کہا کہ ہم امتحانات کے نظام کو بھی دیکھیں گے، اس سلسلے میں سینیٹ سے بھی تجاویز لیں گے،انسانوں کی سیفٹی کا مسئلہ ہے، سفر کو محفوظ بنانا ہے، لائسنسز سے متعلق انکوائری  میں کوئی سیاسی مقاصد نہیں ہیں،ایک ممبر کو ہم نے ٹاسک دیا ہے جو رضاکارانہ طور پربھی کام کررہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جس کسی نے بھی کسی اور کی جگہ بیٹھ کرامتحان دیا اس پر کرمنل مقدمہ درج ہوگا، بات یہاں نہیں رکے گی، منطقی انجام تک جائے گی، لائسنس اتھارٹی کے 5 لوگوں کی معطلی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو رپورٹ  میں بتایا تھا کہ  262 پائلٹس کے لائسنس مشکوک تھے، جس پرفرانزک انکوائری ہوئی،لائسنس امتحانات میں غیرشفاف طریقہ کار استعمال کیا گیا، کچھ پائلٹس نے مانا کہ ان سے غلطی ہوئی ہے۔