پی ٹی آئی بھی کے الیکٹرک کیخلاف کارروائی کیلیے تیار نہیں، حافظ نعیم

382
کراچی: امیر جما عت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، امیر ضلع شمالی محمد یوسف اور سیکرٹری عرفان احمد کے اجتماع کارکنان سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام بجلی ، پانی اور ٹرانسپورٹ سمیت دیگر بے شمار مسائل کا شکار ہیں ، وفاقی و صوبائی حکومتیں مسائل حل کرنے میں ناکام ہوگئی ہیں، کراچی کی نمائندگی کرنے والی حکمران پارٹیوں اور ان کے ارکان اسمبلی نے بھی عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف دینے کے لیے کچھ نہیں کیا ۔ پیپلز پارٹی ، نواز لیگ اور ایم کیو ایم ماضی میں بھی کے الیکٹرک کی سرپرستی اور حمایت کرتی رہی ہیں اور اب پی ٹی آئی بھی کے الیکٹرک کے خلاف کوئی کارروائی کرنے پر تیار نہیں ہے، عوام کو مسلسل دھوکا دیا جا رہا ہے ، اس وقت عملاًصورتحال یہ ہے کہ کے الیکٹرک نے شہر میں بدستور بدترین لوڈشیڈنگ جاری رکھی ہوئی ہے اور اوور بلنگ کا سلسلہ بھی بند نہیں ہوا ہے ، جماعت اسلامی شہر بھر میں کے الیکٹرک کے حوالے سے شکایتی سیل قائم کر رہی ہے اور عوامی شکایات دور کرنے اور مسائل کے حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی ، کورونا وبا کے پھیلائو اور خطرات کے باوجود کارکنوں نے کورونا ریلیف مہم میں جذبے کے ساتھ بھر پور حصہ لیا اور لاک ڈائون کے متاثرین کی مدد کی ۔ مہم چرم اور اجتماعی قربانی کا کام بھی مؤثر منصوبہ بندی کے ساتھ کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع شمالی کے تحت الہدیٰ مسجد پاور ہائوس نارتھ کراچی میں کے الیکٹرک کے خلاف شکایتی سیل کے افتتاح ، مہم چرم قربانی کی تیاریوں کے لیے منعقدہ اجتماع کارکنان اور کورونا ریلیف مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے کارکنوں کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع شمالی کے امیر محمدیوسف ، نائب امیر احمر خان ، سیکرٹری عرفان احمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ اسد اللہ ابراہیم نے درس قرآن دیا ۔ تقریب میں کورونا ریلیف مہم میں شریک ہونے والے کارکنوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے 100شیلڈز اور 150 سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے گئے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ کورونا ریلیف مہم میں وبا کے پھیلائو اور خطرات کے باوجود جماعت اسلامی کے کارکنوں اور الخدمت کے رضا کاروں نے آگے بڑھ کر متاثرین کی مدد کی بالخصوص لاک ڈائون سے بے روزگار ہونے والے دہاڑی دار مزدوروں سمیت دیگر افراد کو راشن فراہم کیا ، شہر بھر میں سیکڑوں علاقوں اور مقامات پر جراثیم کش اسپرے کیا گیا ۔ اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کو حفاظتی سامان عطیہ کیا گیا ۔ الخدمت کے اسپتالوں میں ریلیف سینٹرز قائم کیے گئے اور اب کورونا ٹیسٹنگ سینٹر زنے بھی کام شروع کر دیا ہے ۔ جماعت اسلامی نے یہ سارے کام صرف خدمت خلق اور رضا ئے الٰہی کے حصول کے جذبے کے تحت کیے ہیں ۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ آگے بڑھ کر عوامی خدمت اور مسائل کے حل کی جدوجہد کی ہے ۔ جماعت اسلامی کے الیکٹرک ، نادرا ، واٹر بورڈ اور دیگر حکومتی اداروں کی نا اہلی کے خلاف بھی عوام کی آواز بنی ہے ، بجلی ، پانی اور دیگر مسائل میں گھرے ہوئے عوام کو ریلیف دلانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ۔ کے الیکٹرک کی بدترین لوڈشیڈنگ ، اوور بلنگ اور ٹیرف میں اضافے اور حکومت و کے الیکٹرک گٹھ جوڑ کے خلاف جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو عوام کی ترجمانی کر رہی ہے ۔ ہماری جدوجہد جاری رہے گی اور عید الاضحی کے بعد شہریوں کو درپیش بجلی ، پانی سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے ایک بڑی اور مؤثر مہم اور تحریک شروع کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اب چرم قربانی اور اجتماعی قربانی کا ایک بڑا ہدف ہمارے سامنے ہے ، کارکنان اور ذمے داران مؤثر منصوبہ بندی اور حکمت عملی کے ساتھ اس مہم کو چلائیں ۔اجتماعی قربانی کا عمل ہزاروں شہریوں کے لیے ایک بڑی سہولت کا باعث بھی ہے اور کورونا وبا کی صورتحال میں لوگوں کا رجو ع بڑھ رہا ہے ۔ یہ مہمات ہمارے لیے تزکیہ نفس اور رابطہ عوام کا بہترین ذریعہ ہیں ، ہمیں اخلاص اور تعلق باللہ کے ساتھ میدان عمل میں رہنا ہے ۔ محمد یوسف نے کہا کہ ہم ضلع شمالی میں کے الیکٹرک کے خلاف مزید شکایتی سیل قائم کر رہے ہیں ۔ کارکنوں نے کورونا ریلیف مہم میں انتھک محنت اور جہدوجہد کی ہے اور اس دوران سرجانی ٹائون میں ایک کارکن جاوید بھٹی نے اپنی جان کا نذرانہ بھی پیش کیا ہے ۔ وبا کے خطرات اور خدشات کے باوجود کارکنان عوامی خدمت میں مصروف رہے ۔چرم قربانی مہم اور اجتماعی قربانی بھی بھر پور طریقے سے کی جائیں گی۔