جماعت اسلامی کا حیسکو کی غنڈہ گردی کیخلاف میدان میں آنے کا اعلان

214
حیدر آباد، امیر جماعت اسلامی حیدر آباد حافظ طاہر مجیدحیسکو کے مظالم کے خلاف پریس کانفرنس کررہے ہیں،ڈاکٹر سیف الرحمن،عبدالقیوم حیدر بھی موجود ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی حیدرآباد حافظ طاہر مجید نے کہاہے کہ سسٹم میں سرپلس بجلی کی موجودگی کے باوجود تقسیم کار کمپنی کی طویل لوڈ شیڈنگ کرپشن کے سوا کچھ نہیں ،نااہل اورکرپشن میں ڈوبی حیسکوانتظامیہ نے عوام کاسکون چھین لیاہے۔ حیسکو کا آڈٹ اورافسران کے اثاثے چیک کیے جائیں۔ ایک طرف لاک ڈائون اور دوسری طرف بجلی کی بندش سے شہری بلبلا اٹھے ہیںجبکہ وفاقی حکومت آنکھیں بند کرکے بیٹھی ہے۔ شہری نمائندگی کے دعویداروں نے حیدرآباد کو تاریک اور گندے پانی کا جوہڑ بنادیا۔ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام ہوئی ہے۔جماعت اسلامی اس پر خاموش نہیں بیٹھ سکتی ہم عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے حیسکو کے ستائے ہوئے عوام کے ساتھ مل کر بھر پور احتجاج کریں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے حیدرآبادپریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ا س موقع پرنائب امراء ضلع ڈاکٹرسیف الرحمن، عبدالقیوم حیدر ،جے آئی یوتھ سندھ کے جنرل سیکرٹری ظہیر الدین شیخ بھی موجود تھے۔ حافظ طاہر مجید نے کہاکہ نااہل اورکرپشن میں ڈوبی حیسکو انتظامیہ نے عوام کاسکون چھین لیاہے۔ بدترین لوڈشیڈنگ ، ٹرانسفارمر اتارنااورصارفین کے کنکشن کاٹناحیسکوکی غنڈہ گردی ہے ۔عوام کوریلیف دیناتوایک طرف بنیادی سہولتوں تک سے محروم کیاہواہے۔ بجلی ،پانی ،مہنگائی کی وجہ سے عوام پریشان ہیں ،چارچار دن بجلی کی عدم فراہمی ،اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ اوربجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے ۔ اس سے وفاقی حکومت کوکوئی سروکارہے نہ صوبائی حکومت اپنی ذمہ داری اداکرنے کوتیارہے۔ وفاقی حکومت بالخصوص وزیر توانائی عمر ایوب کی حیسکو کے معاملا ت سے چشم پوشی پر دلی افسوس ہے ۔ حیسکو کو وفاقی وصوبائی حکومتوں کی سرپرستی حاصل ہے ۔موجودہ حکومت نے عوام سے جو وعدے کیے تھے ان میں سے ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا، لوگ مہنگائی کی وجہ سے خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ پورے ملک میں بجلی کا بحران ہے پہلے آٹا پھر چینی اور اب پیٹرول کا ایشو ہے۔ وزراء ایک دوسرے کے خلاف بیان دینے میں مصروف ہیں ۔موجودہ حکومت اتنے اختیارات ہونے کے باوجود عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام ہوئی ہے۔جماعت اسلامی اس پر خاموش نہیں بیٹھ سکتی۔جماعت اسلامی حیسکو کے ستائے ہوئے عوام کے ساتھ مل کر بھر پور احتجاج کرے گی اور عوامی احساسات و جذبات کی ترجمانی کرے گی ۔حیسکو عملہ کنڈا مافیا کے ساتھ ملکرمال بنارہا ہے ۔حیسکو کا آڈٹ اورافسران کا احتساب کیاجائے ،ان کے اثاثے چیک کیے جائیں۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی حیسکو کے خلاف عوامی جذبات کی نمائندگی کرتے ہوئے تحریک کا آغاز کردیا ہے۔ جمعہ کے روز شہر بھر میں حیسکو کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے اور عید کے بعد دیگر جماعتوں کے ساتھ ملکر شہر کو تاریکی اور گندگی کے نکالنے کے لیے جدوجہد کا کا دائرہ وسیع کریں گے ۔حیسکوعوام دشمن ادارہ بن گیاہے، شدیدگرمی میں شہری لوڈشیڈنگ اور ٹرانسفارمر اتارے جانے کی مسلسل سزائیں بھگت رہے ہیں ،تجارتی اور گھریلوں تمام صارفین بدعنوان حیسکوانتظامیہ سے تنگ آچکے ہیں۔ ٹرانفسارمر کی خرابی کوکئی کئی روزگرزجاتے ہیں مسلسل شکایات اوراحتجاج کے بعدنااہل انتظامیہ کی جانب سے صارفین سے بھاری رقم کا تقاضا کیا جاتا ہے ایک طرف لاک ڈائون اور دوسری طرف بجلی کی بندش سے شہری بلبلا اٹھے ہیں لیکن افسوس ہے کہ وفاقی حکومت آنکھیں بند کرکے بیٹھی ہوئی ہے۔حیدرآباد کو لاوارث شہر سمجھ لیا ہے لیکن ہم عوام کو تہنا نہیں چھوڑیں گے ۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ کرپٹ حیسکو اہلکار وں کی کرپشن کے باعث ہونے والے لائن لاسز کو معزز صارفین کو ڈیٹکشن بلز کے ذریعے جبر ی وصولی کا سلسلہ فی الفور بند کیا جائے اور جاری کیے گئے ڈیٹکشن بلز کا خاتمہ کیا جائے۔بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جا ئے ۔ٹرانسفارمر زکی تعدا د میں اضافہ اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے وائرنگ کا نظام بہتر کیا جائے۔کرپٹ اور بد اخلاق حیسکو اہلکاروں بر طرف کیا جائے ۔بڑھتی ہوئی آبادی او ر بجلی کی طلب میں اضافے کے باعث نا گزیر ہے کہ مزید گرڈ اسٹیشنزکا قیام عمل میں لایا جائے صارفین کی شکایات کے ازالے کے لیے تمام سب ڈویژنل آفسیز پر صارفین کے لیے ون ونڈو آپریشن کی سہولت مہیا کی جائے۔