تحریک انصاف ناکام ہوچکی، نجات حاصل کرنے کا وقت آگیا، جاوید قصوری

219

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہوچکی، عوام کا اعتماد ختم ہوچکا ہے، مایوسی کے گہرے بادل منڈلارہے ہیں، ان حالات میں عوام کے لیے امید کی واحد کرن جماعت اسلامی ہے، اب وقت آگیا ہے کہ چوروں، لٹیروں اور تمام کرپٹ عناصر سے نجات حاصل کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت محض 22 ماہ کے قلیل عرصے میں 10 ہزار ارب کا قرض لے چکی ہے۔ پاکستان کے ذمے کل قرضہ 34 ہزار 500 ارب کا ہوگیا ہے۔ اوسطاً 14.2 ارب روپے کا یومیہ قرضہ لیا گیا۔ پورے کا پورا معاشی ڈھانچہ ہی تباہ و برباد ہو کر رہ گیا ہے۔ حکمرانوں کے تمام بلند بانگ دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا خواب دکھانے والے ہی قوم کے ساتھ مسلسل جھوٹ بول کر گمراہ کررہے ہیں۔ عوام فاقوں سے تنگ آکر خود کشیاں کررہے ہیں۔ کاروبار ختم ہوچکے ہیں۔ جرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔