وفاقی کابینہ نے بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ موخر کردیا

677

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے گیس اور کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ موخر کردیا ہے۔      

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں عیدالضحیٰ اور کورونا وائرس کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے کورونا کی رپورٹ پر  اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے  مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔

کابینہ میں کے الیکٹرک کے معاملے پر بھی وزراء نے کے الیکٹرک صارفین کے لیے ٹیرف بڑھانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو پہلے بجلی نہیں مل رہی، اوپر سے قیمتیں بڑھانا نامناسب ہے۔

وزیر اعظم نے تمام وزراء کی رائے کے بعد کے الیکٹرک سے متعلق اجلاس جمعرات کو طلب کرلیاہے۔

وفاقی وزرا نے درآمدی گیس کی مد میں 73 ارب روپے گھریلو اور کمرشل صارفین سے وصول کرنے کی بھی مخالفت کی، کابینہ نے عوام پر 73 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تجویز بھی مسترد کر دی۔

خیال  رہے کہ ای سی سی نے سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی ایک روپیہ 9 پیسے سے 2 روپے 89 پیسے فی یونٹ تک مہنگی کرنے اور درآمدی گیس کی مد میں 73 ارب روپے گھریلو اور کمرشل صارفین سے وصول کرنے کی تجویز دی تھی۔