سکھر، ریلوے پھاٹکوں پر حفاظتی اقدامات سے متعلق بینر آویزاں

218

سکھر (نمائندہ جسارت) آئی جی ریلوے پولیس کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے سکھر ڈویژن میں بھی ریلوے کی جانب سے حفاظتی اقدامات اٹھائے گئے ہیں، ریلوے کراسنگ پھاٹکوں سے گزرنے والے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے سکھر ڈویژن کے مختلف اسٹیشنوں پر ایس پی ریلوے پولیس کے احکامات کے بعد عوام میں شعور بیدار کرنے کے لیے ریلوے پولیس کی جانب سے بینرز آویزاں کیے جارہے ہیں۔ اس حوالے سے ایس پی ریلوے نیاز احمد کا کہنا ہے کہ ریلوے پھاٹک اور ریلوے لائن کراس کرنے کے دوران ہونے والے حادثات کے پیش نظر آئی جی ریلوے نے عوام میں ریلوے پھاٹک عبور کرنے کے حوالے سے شعور بیدار کرنے کے لیے ملک بھر میں احکامات جاری کیے ہیں، جن کی روشنی میں تمام چھوٹے بڑے شہروں خصوصاً ریلوے پھاٹکوں کے قریب آگاہی بینرز آویزاں کیے جارہے ہیں، جبکہ لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے بھی عوام میں شعور بیدار کیا جارہا ہے کہ وہ اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کے بجائے حفاظت سے ریلوے پھاٹک کے بجائے متبادل طور پر پلوں سے کراس کریں۔ ایس پی ریلوے نیاز احمد کا کہنا ہے کہ شروع کردہ مہم آئندہ چند روز تک جاری رہے گی، تاکہ عوام کو ریلوے کی اس مہم سے فائدہ حاصل ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود اگر ریلوے پھاٹک اور ریلوے لائن پر بنائے گئے پلوں کو استعمال کرنے کے بجائے خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف ریلوے ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔