کورونا ایمرجنسی کے باعث حکومت مالی امداد کرے ، نجی تعلیمی ادارے

190

 

جھڈو (نمائندہ جسارت) آل پرائیویٹ اسکول مینجمنٹ ایسوسی ایشن تحصیل جھڈو کے صدر اور اقرا پبلک اسکول و کالج کے پرنسپل محمد عمر خان اور راشد منہاس شہید اسکول کے پرنسپل محمد عثمان قائم خانی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا ایمرجنسی میں اسکولوں کی چار ماہ کی طویل بندش سے عملے کے ساتھ ساتھ اسکول مالکان کو بھی شدید مالی مشکلات کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے، والدین لاک ڈائون سے قبل کی چھے ماہ کی فیس کی ادائیگی میں بھی تعاون نہیں کررہے ہیں اور ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نجی اسکولوں کی طویل بندش سے اسکول مالکان کے ذرائع آمدن بالکل ختم ہوچکے ہیں، ایسی صورتحال میں اسکول مالکان کے لیے عملے کو تنخواہوں کی ادائیگی کرنا انتہائی مشکل اور ناممکن ہے، اس کے باوجود بھی اسکول مالکان نے اساتذہ و دیگر عملے کو کسی حد تک مالی امداد فراہم کی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ لاک ڈاؤن سے متاثرہ دیگر نجی اداروں کی طرح چار ماہ کی طویل بندش سے مالی پریشانیوں کے شکار نجی تعلیمی اداروں کو بھی مالی مراعات فراہم یا مالی معاونت کی جائے اور قرض حسنہ دیا جائے تاکہ نجی اسکول مالکان اپنے عملے کو ان مشکل مالی حالات میں تنخواہوں کی ادائیگی کرسکیں۔ نجی اسکول مالکان نے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے تعلیمی اداروں کی طویل بندش سے طلبہ کی تعلیم کا مزید نقصان ہونے سے بچایا جائے اور عیدالاضحی کے بعد یکم اگست سے ملک بھر کے نجی تعلیمی اداروں کو ایس او پیز کے تحت فوری طور پر کھولنے کی اجازت دی جائے۔