بدین، اہل محلہ نے ڈاکوئوں کو اسلحہ سمیت پکڑلیا، پولیس کے حوالے

183

بدین (نمائندہ جسارت) دن دہاڑے ڈکیتی کی کوشش ناکام، مزاحمت پر اہل محلہ نے ڈاکوکو اسلحہ سمیت پکڑلیا، موٹر سائیکل شوروم کے مالک کے بیٹے کو اغوا کرنے کی کوشش، گھر میں کام پر مامور ملازمہ کو تشدد کا شکار بناکر زخمی کردیا، ڈاکوکو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ بدین شہر کینٹ روڈ پر قائم علاقہ حیدر ٹائون میں سی ڈی موٹر سائیکل کے ڈیلر محمد حسن عرف آپی میمن کے گھر میں ڈاکوئوں نے دن دہاڑے دھاوا بول دیا، ڈاکو گھر کے اندر گھس گئے، گھر میں کام پر مامور ملازمہ کو تشدد کا نشانا بناکر زخمی کردیا، اہل محلہ کی چیخوں پر لوگوں کا ہجوم پہنچ گیا، جنہوں نے ڈاکو کو اسلحہ سمیت پکڑلیا، جس کی شناخت شادی لارج شہر کے مکین عرفان پٹھان اور روشن جہاگورو نے نام سے ہوئی جن کو اہل محلہ نے پولیس کے حوالے کردیا۔ اہل محلہ کے مطابق دوگرفتار ہونے والے ملزمان کے ساتھ دیگر دو ملزماں بھی شامل تھے جوکہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ موٹر سائیکل ڈیلر کے مالک محمد حسین میمن نے اپنا مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ پکڑے گئے ملزمان میرے گھر میں چوری کرنے کے ارادے میں داخل ہوئے تھے اور میرے نوجوان بیٹے کو اغوا کرنے آئے تھے، اہل محلہ نے ملزمان کو گرفتار کرکے میرے بیٹے کو اغوا ہونے سے بچالیا۔