سکھر:ناقص نکاسی آب رہائشی وتجارتی مراکز جوہڑ میں تبدیل

118

سکھر (نمائندہ جسارت) شہرکا ڈرینج سسٹم ناکارہ ہوگیا، رہائشی و تجارتی مراکز گندے پانی میں ڈوب گئے، سماجی تنظیموں کی جانب سے گندے پانی میں نہا کر سکھر انتظامیہ کیخلاف انوکھا احتجاج۔ سکھر کی مختلف سماجی تنظیموں کی جانب سے شہر کا ڈرینج سسٹم خراب ہوجانے کے باعث گندا پانی جمع ہو نے کیخلاف بلدیہ اعلیٰ سکھر اور پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کیخلاف گندے پانی میں کھڑے ہو کر اور نہا کر انوکھے طریقے سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور متعلقہ محکموں کیخلاف نعرے بازی کی گئی۔ مظاہرے کی قیادت سماجی تنظیموں کے رہنمائوں اشفاق بھٹی، نصیر گوپانگ و دیگر کررہے تھے۔ اس موقع پر مذکورہ رہنمائوں کا کہنا تھا کہ متعلقہ ادارے کی غیر تسلی بخش کارکردگی کے باعث شہر میں جہاں صفائی ستھرائی کی صورتحال انتہائی خراب ہوچکی ہے، وہیں شہر کا ڈرینج سسٹم بھی مکمل طور پر ناکارہ ہوتا جارہا ہے۔ اتوار کے روز شہر کا ڈرینج سسٹم خراب ہوجانے کی وجہ سے شہر کے مختلف رہائشی و تجارتی مرکز گھنٹہ گھر، مہران مرکز، پان منڈی، ریس کورس روڈ، مقام روڈ، ڈھک روڈ و دیگر علاقے گندے پانی کی لپٹ میں ہیں، جو شہریوں کے لیے پریشانی کا سبب ہے۔ مظاہرین نے وزیر اعظم پاکستان، چیف جسٹس، وزیر اعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر بلدیات، سیکرٹری سندھ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے حکام سمیت سکھر کے منتخب نمائندگان سے پرزور اپیل کی ہے کہ شہر میں صفائی ستھرائی سمیت نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔