گندگی اور جوہڑ بیماریوں کا باعث بنے ہوئے ہیں، ہارون میمن

114

سکھر (نمائندہ جسارت) آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے بانی و قائد حاجی محمد ہارون میمن نے کہا ہے کہ پرانا سکھر کا گنجان آباد علاقہ بھی سکھر شہر کا حصہ ہے، وہاں کے رہائشیوں اور دکانداروں کو بنیادی شہری سہولتیں فوری طور پر مہیا کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرانا سکھر کے شہریوں اور دکانداروں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرانا سکھر کی ہر سڑک، گلی، محلہ گٹر نالیاں ٹھوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، نکاسی آب کا نظام درہم برہم ہے، جابجا گندگی، کچرے کے ڈھیر لگے ہیں۔ خواتین بچوں اور معمر افراد کا راستوں سے گزرنا مشکل بن چکا ہے۔ شدید گرمی میں گندگی اور جوہڑ بیماریوں کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ حکومت سندھ، سکھر میونسپل کارپوریشن اور پبلک ہیلتھ محکمہ آنکھیں بند کرکے بیٹھا ہے اور عوام شدید مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سکھر شہر سندھ کا تیسرا بڑا شہر اور تجارتی مرکز ہے، اس شہر کو اس کا حق دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے موسم میں واٹر سپلائی کا مضر صحت پانی فراہم کرنا شہریوں کی صحت کے ساتھ ظلم ہے۔ ارباب اختیار کی غیر سنجیدگی، چشم پوشی اور غفلت کا خمیازہ سکھر کے تاجر اور عوام بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ سکھر اور پرانا سکھر کے بنیادی عوامی مسائل حل کیے جائیں۔