بروقت اقدامات کے باعث کورونا سے کافی حد تک بچا جاسکا، لالا جعفر

130

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر حیدرآباد ڈاکٹر لالا جعفر نے کہا ہے کہ کورونا بین الاقوامی وبا ہے پاکستان میں بھی اس وبا نے تباہی مچائی ہے لیکن حکومت کے بروقت اقدامات کے باعث اس موذی وبا کے نقصان سے کافی حد تک بچا جاسکا ہے۔ وہ اپنے دفتر میں حیدرآبا دکی مختلف سماجی تنظیموں کے عہدیداروں سے بات چیت کررہے تھے۔ ڈاکٹر لالا جعفر نے کہا کہ صوبائی حکومت کی اولین کوشش ہے کہ سندھ کے غریب عوام کو صحت کی بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں ، اسی سلسلے میں حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے محکمہ صحت میں ایمرجنسی نافذ کی ہوئی ہے ، ضلع حیدرآباد میں بھی کورونا وائرس کے حوالے سے ہر سطح پر مانیٹرنگ کی جارہی ہے ۔ شاہ بھٹائی اسپتال، گورنمنٹ اسپتال پریٹ آباد، گورنمنٹ اسپتال کوہسار ، گورنمنٹ اسپتال قاسم آباد سمیت دیگر چھوٹے بڑے اسپتالوں میں کورونا وائرس کے حوالے سے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جارہا ہے اور اس موذی بیماری سے بچاؤ کے لیے ہر طرح کے حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ضلع حیدآباد میں بھی کورونا وائرس کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے ہیں لیکن اس بیماری سے بچنے کا واحد طریقہ انفرادی طورپر خود احتیاط کیا جانا ہے کیونکہ اس کا علاج صرف اور صرف احتیاط ہے ، حیدر آباد کے شہریوں کو چاہیے کہ وہ اس بیماری سے خود اور اپنے اہل خانہ کو محفوظ رکھنے کے لیے ایس او پیز پر عمل کریں تاکہ خود بھی محفوظ رہ سکیں اور اہل خانہ کو بھی محفوط رکھ سکیں۔