جماعت اسلامی کا حیسکو کیخلاف احتجاج کا فیصلہ

155

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی حیدرآباد کے ذمے داران ، ناظمین زونز اوربرادر تنظیمات کا اہم اجلاس امیرجماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلا س میں وکلاء پر مشتمل لیگل کمیٹی، ٹیکنیکل کمیٹی اور مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی گئیں ،کمیٹیاں جلد اپنی رپورٹ پیش کر نے کے بعد پریس کانفرنس کے ذریعے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔اجلاس میں حیسکو کے مسائل پر تفصیلی غورو خوص کیا گیا ، سب ڈویژن سطح پر نا اہل،کرپٹ افسران او ر کرپٹ ملازمین کی طرف سے بجلی کا جو بحران پیدا ہوا ہے اس پر سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔اجلاس میں حیسکو کی جانب سے اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، ٹرانسفارمر کی تبدیلی کے نام پر بھتہ خوری اور شہر میں نکاسی وفراہمی آب کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس میں وفاقی حکومت بالخصوص وزیر توانائی عمر ایوب کی حیسکو کے معاملا ت سے چشم پوشی پر دلی افسوس کا اظہارکرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید نے کہا کہ حیسکو شہریوں کے لیے عذاب بن گیا ہے اور حیسکو کو وفاقی وصوبائی حکومتوں کی سرپرستی حاصل ہے ۔جماعت اسلامی حیسکو کے ستائے ہوئے عوام کے ساتھ مل کر بھر پور احتجاج کرے گی اور عوامی احساسات و جذبات کی ترجمانی کرے گی، عوام ایسی قیادت کاساتھ دیں جو واقعی مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔ انہوںنے مزید کہا کہ حیدرآباد کے شہری حیسکو کی مسلسل عوام دشمن رویے سے سخت نالاں ہیں حیسکو انہیں سڑکوں پر احتجاج کے لیے نکلنے پر مجبور کررہاہے۔ لاک ڈاوؑن کے باوجود چھ تا آٹھ گھنٹے لازمی اور غیر اعلانیہ طویل طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کا سبب کہیں مرمت، کہیں تار ٹوٹنے کبھی ٹاور گِرنے اور ٹرانسفارمرز کی خرابی بتایا جاتا ہے جبکہ حیسکو نے سسٹم کی آپ گریڈیشن کے نام پر اربوں روپیہ خرچ کیا ہے لیکن اس کے باوجود سسٹم کے ناکارہ ہونے کا رونا رویا جارہا ہے۔جماعت اسلامی مشکل حالات میںحیدرآباد کے شہریوں کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گی اورپرامن احتجاج کاسلسلہ شروع کرے گی۔اگر وفاقی حکومت میں تھوڑی بہت بھی حس ہے اور وہ عوام کی شکایات کا ازالہ چاہتی ہے تو حیسکو میں بے رحم احتساب کا عمل شروع کرے ۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی سندھ حافظ نصر اللہ چنا، جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے امیر حافظ طاہر مجید ، نائب امراء ڈاکٹر سیف الرحمن، عبدالقیو م حیدر، جنرل سیکرٹری مطاہر خان اور جے آئی یوتھ سند ھ کے جنرل سیکریٹری ظہیر الدین شیخ بھی اجلاس میں شریک تھے۔