سکھر:پولیس کا مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن ،34 ملزمان گرفتار

157

سکھر (نمائندہ جسارت) ضلع میں امن و امان کے قیام کے لیے سکھر پولیس کا کچے سمیت مختلف علاقوں میں سرچ و کومبنگ آپریشن، جگہ جگہ تلاشی، ناکہ بندی، اشتہاری، مفرور، مشتبہ افراد سمیت 34 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔ ترجمان پولیس کے مطابق پولیس کا مختلف علاقوَں میں کومبنگ آپریشن اور ناکہ بندی کے دوران اشتہاری مفرور مشتبہ افراد سمیت 34 ملزمان زیر حراست، تفتیش جاری ہے، اشتہاری مفرور ملزمان میں زیاد، شمس، اظہار فہیم و دیگر شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان قتل، اقدام قتل، موٹر سائیکل چوری، ڈکیتی، پولیس مقابلوں سمیت متعدد سنگین جرائم میں سکھر پولیس کو مطلوب تھے۔ مختلف علاقوں میں امن و امان کی فضا بحال رکھنے کے لیے پولیس کا مختلف چوراہوں پر مسافر گاڑیوں کی تلاشی کا عمل جاری ہے۔ دوران کومبنگ آپریشن، اسنیپ چیکنگ مشتبہ افراد اور گاڑیوں کو چیک کیا گیا۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت کالے شیشے، گلوبس، فینسی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کیخلاف کارروائی سمیت اصلی کاغذات کی جانچ پڑتال کی گئی، متعدد کالے شیشے، فینسی نمبر پلیٹس، گلوبس و نصب دیگر غیرقانونی چیزیں اتار لی گئیں، زیر حراست ملزمان سے تفتیش کی جارہی ہے۔ خواتین کو اغوا اور خرید و فروخت کرنے والا بین الصوبائی گروہ گرفتار، تین خواتین بازیاب، مقدمہ درج۔ ترجمان پولیس کے مطابق ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کی خصوصی ہدایت پر پولیس نے خفیہ اطلاع پر جھانگڑو کے قریب کارروائی کرکے خواتین کی خرید و فروخت میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان میں ستار، پیرل اور رزاق شامل ہیں، ملزمان پنجاب کے مختلف علاقوں سے سستے داموں خواتین کو خریدتے اور سندھ کے علاقوں میں فروخت کرتے تھے۔ جھانگڑو کے قریب خواتین کی فروخت کی بولی جاری تھی کہ بروقت پولیس نے کارروائی کرکے تین خواتین کو فروخت ہونے سے بچا کر بازیاب کروالیا۔ موقع سے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان کے قبضے سے ایک کار برآمد کی گئی ہے۔ سکھر کے تھانہ شہید راؤ شفیع اللہ کی حدود دعا چوک کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ، مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، اسلحہ برآمد، ایک فرار، مقدمہ درج، گرفتار زخمی ڈاکو چوری، ڈکیتی، پولیس مقابلوں سمیت متعدد سنگین جرائم میں سکھر پولیس کو مطلوب تھا۔ ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کے مطابق گرفتار زخمی ڈاکو کی شناخت دوست محمد عرف دوسو بھٹار کے نام سے ہوئی ہے، ڈاکو کے قبضے سے ٹی ٹی پستول، میگزین اور گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔ زخمی ڈاکو کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا، گرفتار ڈاکو کا کرمنل ریکارڈ دیگر اضلاع سے بھی معلوم کیا جارہا ہے۔