ڈی ایس پی ٹنڈو محمد خان عوام کے لیے عذاب بن گئے، اقبال ہاجانو

197

ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) ڈی ایس پی سید انور شاہ عوام کے لیے عذاب بن گئے، تحصیل بلڑی شاہ کریم میں کرپشن کا بازار گرم ہے، منشیات سرعا م فروخت ہورہی ہے، چوروں کو مکمل آزادی ہے، احتجاج کرنے پر سندھ ترقی پسند پارٹی کے کارکنان کو ہراساں کیا جارہا ہے، ڈی ایس پی کیخلاف فوری کارروائی کی جائے، بصورت دیگر احتجاجی تحریک چلائی جائے گی، سندھ ترقی پسند پارٹی ضلع ٹنڈو محمد خان کے صدر اقبال ہاجانو، سلیم میمن، سارنگ شاہ، جمن سموں، فرید خواجہ، انیس صبحپوٹو، جمن ملاح و دیگر کی پریس کلب ٹنڈو محمد خان میں پریس کانفرنس۔ سندھ ترقی پسند پارٹی ضلع ٹنڈو محمد خان کے ضلعی صدر اقبال ہاجانو، سلیم میمن، سارنگ شاہ، جمن سموں، فرید خواجہ، انیس صبحپوٹو، جمن ملاح و دیگر نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلڑی شاہ کریم کا ڈی ایس پی سید انور شاہ عوام کے لیے عذاب بن گیا ہے، موجودہ ڈی ایس پی انتہائی کرپٹ آفیسر ہے، جس نے بلڑی شاہ کریم میں کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے، تحصیل بلڑی شاہ کریم میں منشیات سر عام فروخت ہورہی ہے، چوروں اور ڈاکوؤں کو مکمل آزادی ہے، تحصیل بلڑی شاہ کریم میں موٹر سائیکلوں کی چوری روز کا معمول بن چکی ہے، فحاشی کے اڈے سرعام چل رہے ہیں جبکہ موجودہ ڈی ایس پی کرپشن میں مصروف ہیں۔ کرپٹ ڈی ایس پی انور شاہ کیخلاف جب سندھ ترقی پسند پارٹی کے ورکروں نے آواز اٹھائی تو موجودہ ڈی ایس پی اور مقامی یونین کونسل الہٰیار ترک کے چیئرمین نے مل کر ہمارے ورکروں کو ہراساں کرنا شروع کردیا۔ سندھ ترقی پسند پارٹی کے جھنڈوں کو اتارا جارہا ہے، جس کی ہم پُر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان سے مطالبہ کیا ہے کہ کرپٹ ڈی ایس پی انور شاہ کیخلاف فوری کارروائی کی جائے، بصورت دیگر سندھ ترقی پسند پارٹی احتجاجی تحریک کا آغاز کرے گی۔