میرپور خاص، حیسکو کا بجلی چوروں کیخلاف گرینڈ آپریشن

157

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) حیسکو کی جانب سے غیر قانونی کنڈا سسٹم کیخلاف بڑے پیمانے پر کارروائی۔ میرپورخاص ایس ڈی او وقار سلیم اور اسٹاف سیٹلائٹ ٹاؤن کا بجلی چوروں کیخلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے، جس میں سیکڑوں ڈائریکٹ کنکشن اور بقایا جات کیخلاف کارروائی میں تین سو سے زائد کنکشن منقطع کیے گئے، شہر کے علاقے بھانسنگھ آباد، مگسی پاڑہ، پٹھان پاڑہ اور دیگر علاقوں میں کارروائی کی گئی۔ اس موقع پر ایس ڈی او وقار سلیم اور چیئرمین سکندر مہر نے صحافیوں کو بتایا کہ سپرنٹنڈنٹ انجینئر محمد اقبال وڑائچ کی ہدایت پر بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری رہے گا اور ایف آئی آر داخل کرائی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کنڈا مافیا کی وجہ سے ٹرانسفارمر جلتے ہیں جس سے بل جمع کرانے والے صارفین شدید مشکلات کا شکار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیسکو چیف عبدالحق میمن کی ہدایت ہے کہ معزز صارفین کو ہنگامی بنیاد پر بجلی فراہم کی جائے، عوام کی شکایت دور کی جائے اور بجلی چوروں کو کسی بھی قسم کی رعایت نہیں دی جائے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی کنڈے فوری طور پر ہٹالیں۔