آئی ایم ایف کا مقصد معیشت ٹھیک کرنا نہیں اپنے ایجنڈے کی تکمیل ہے

165

سکھر (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی ضلع سکھر کے امیر مولانا حزب اللہ جکھرو نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ تمام معاہدوں پر نظر ثانی کی جائے۔ آئی ایم ایف کا مقصد معیشت ٹھیک کرنا نہیں، بلکہ اپنے ایجنڈے کی تکمیل ہے، جب تک آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر چلتے رہیں گے ملکی معیشت سنبھل نہیں سکتی۔ مدرسہ تفہیم القرآن سکھر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دین سے دوری اور لادینیت کا پرچار بڑھتا جارہا ہے، بے حیائی، فحاشی وعریانی کے کلچر کی تشہیر سے خدا کے عذاب کو دعوت دی جارہی ہے۔ نوجوان قرآن سے تعلق جوڑیں، حکومت تمام تر وعدوں، بلند و بانگ دعوئوں کے باوجود مہنگائی، بے روزگاری پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے۔ وزیر اعظم عوام کو مہنگائی، بے روزگاری، غربت سے بچانے اور تعلیم و صحت کی سہولتیں دینے کی طرف توجہ دیں۔ وزراء خود اپنی ناکامی کا اعتراف کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اوور سیز پاکستانیوں کے ساتھ ظلم وجبر کی انتہا کردی ہے۔ پی آئی اے زبوں حالی کا شکار ہے، ایجنٹ بلیک میں ٹکٹ بیچ کر لاکھوں روپے کمارہے ہیں۔ بے لاگ احتسابی نظام کے بغیر بدعنوانی اور کرپشن کا خاتمہ خود فریبی کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام کے نفاذ میں ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے تاکہ حقیقی اسلامی حکومت بناکر ملک وملت کا سر فخر سے بلند کرسکیں ورنہ مغربی ایجنٹ ہمیشہ مسلط رہیں گے اور قوم ان کی غلام بنی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی عوام کو غلامی سے نجات اور بنیادی سہولیات فراہم کرسکتی ہے۔ 73 سال میں حکمران خود منرل واٹر پیتے رہے اور عوام کو پینے کا صاف پانی تک مہیا نہیں کرسکے ہیں، وہ قوم کی قیادت کے اہل نہیں۔