اسٹریٹ کرائم کی شرح میں اضافہ قابل تشویش ہے، ذکر اللہ مجاہد

133

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ شہر لاہور میں اسٹریٹ کرائم کی شرح میں کئی گنا اضافہ قابل تشویش ہے۔ دن دہاڑے گلی محلوں میں وارداتیں امن و امان قائم کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کی کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ممبر کور کمیٹی جماعت اسلامی لاہور و سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد، نائب امراء جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ، ملک شاہد اسلم، اظہر بلال، افتخار احمد چودھری نے شرکت کی۔ ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ افرد کی سرپرستی کرنے والے اہلکاروں کو ملازمتوں سے نکالے بغیر فورس کا وقار بحال نہیں کیا جاسکتا۔ اپنے بھائی بندوں کو ہر صورت بچانے والی ذہینت کا خاتمہ کرنا وقت کی ضرورت بن چکا ہے۔ جرائم پیشہ کارروائیوں کو روکے بغیر ترقی اور خوشحالی کا عمل آگے نہیں بڑھ سکتا۔ مارکیٹوں اور گلی محلوں میں جرائم پیشہ افراد کی سرعام وارداتوں سے شہریوں میں خوف وہراس کی فضا ہر آنے والے دن کے ساتھ بڑھ رہی ہے جو قابل مذمت ہے۔ پولیس فورس کی بڑی تعداد وی آئی پیز کے پروٹوکول کی نظر ہورہی ہے۔ حکومت کا کام صرف سیکورٹی دینا ہے، پروٹوکول نہیں اور اگر کسی کو پروٹوکول کا شوق ہے تو وہ اپنی جیب سے خرچہ کرے نہ کہ وطن عزیز کی پولیس نفری کو اپنے ذاتی مفادات کے لیے استعمال کرے۔ ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیکورٹی ادارے اور پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر اقدامات کو بروئے کار لائیں اور پولیس وی آئی پیز کے پروٹوکول کے بجائے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے تاکہ شہریوں میں خوف وہراس کی فضا ختم ہوسکے۔