وفاقی حکومت نجی تعلیمی اداروں کو بلاسود قرضے فراہم کرے، سعید غنی

143

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے توسط سے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث تعلیمی اداروں کی بندش کی وجہ سے نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مالی بحران سے نبردآزما ہونے میں ان کی مدد کی جائے۔اس بات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز وفاقی وزیر تعلیم کی زیر صدارت بین الصوبائی تعلیمی اجلاس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اسٹیٹ بینک کی معرفت ان نجی اسکولوں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کو یقینی بنائے اور اگر اسٹیٹ بینک ان قرضوں پر کوئی سود سروسز کے نام پر لینا چاہے تو وہ وفاقی حکومت ادا کرے۔ سعید غنی نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ موجودہ صورتحال میں والدین کی جانب سے فیسوں کی ادائیگی نہ ہونے کے باعث نجی اسکول شدید مالی بحران سے دوچار ہیں اور اگر ان حالات میں ان کو معاشی طور پر مستحکم نہ کیا گیا تو اس کا اثر ان نجی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ پر بھی پڑے گا۔ سعید غنی نے اجلاس کے دوران صوبہ سندھ میں نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل اور بالخصوص ان اداروں میں مالی بحران کی جانب وفاقی وزیر تعلیم کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔