تما م مشکلات کاحل توبہ استغفار اوررجوع اللہ میں ہے‘ اسماء سفیر

209

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی (حلقہ خواتین)کراچی کی ناظمہ اسماء سفیر نے جماعت اسلامی (حلقہ خواتین)ضلع شرقی کے تحت جاری ’’رجوع الی اللہ مہم‘‘ کے سلسلے میں اپنے ایک بیان میں کہاکہ توبہ واستغفار مہم بروقت اور معاشرے کی ضرورت ہے، وبا، بیماری، پریشانی اور دکھ کا علاج سمیت تمام مشکلات کا حل توبہ واستغفار اور رجوع الی اللہ میں ہے،اللہ تعالیٰ کی رحمت اس کے غضب پر بھاری ہے، اللہ تعالیٰ پلٹنے اور گناہوں سے سچی توبہ کرنے والے پر اپنی رحمت کا فیضان کرتا ہے، استغفار کی کثرت اور شکر گزاری کے رویے سے رب کو منالیجیے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ملکی اقتدار پرمسلط رہنے والے اس قوم کے مجرم ہیں،بار بار اقتدار میں آنے والوں نے عوام کوبنیادی حقوق سے محروم رکھا،عام آدمی کوتعلیم،صحت اور روز گار کی سہولتیں حاصل نہیں،وسائل کی لوٹ مار اور غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے امیروں کی دولت اور غریب کی غربت میں اضافہ ہورہا ہے،غریب کی جھونپڑی میں سے غریب اور امیر کے محل سے امیر نکلتا ہے۔ظلم اور استحصال کا یہ نظام اب زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتا،نبی آخر الزماں حضرت محمدؐ کے غلام ایسے نظام کو برداشت نہیں کرسکتے،ہمیں اس نظام کے خلاف اٹھنا اور قوم کو اس سے نجات دلانا ہوگی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اس کی منزل اسلامی انقلاب سے ہمکنار کرنے کیلیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،عوام دکھوں،پریشانیوں اور مسائل سے چھٹکارا چاہتے ہیں تو تحریک پاکستان کے جذبے سے نظام مصطفی ؐ کے نفاذ کیلیے جدوجہدکریں اور ظلم وجبرکے نظام سے نجات کیلیے دیانتدار قیادت کا ساتھ دیں۔