اسپتالوں کی حالت زار، سندھ حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب

84

کراچی (نمائندہ جسارت) کورونا وائرس کے دوران دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کے علاج اور اسپتالوں کی حالت زار سے متعلق درخواست کی سماعت، سندھ ہائیکورٹ نے سندھ حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی، دوران سماعت عدالت نے سی ای او سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن اور دیگر سے اسپتالوں کی حالت زار سے متعلق 22 جولائی کو جواب طلب کرلیا، عدالت کا کہنا تھا کہ بتایا جائے کورونا وبا کے
دوران دیگر مریضوں کے مؤثر علاج کے لیے کیا اقدامات کیے جارہے ہیں؟ عدالت کو مطمئن کیا جائے کہ مریضوں کے علاج کے لیے اسپتالوں میں کیا اقدامات کیے گئے ہیں؟ صوبے میں ریگولیٹری اتھارٹی کیا کررہی ہے؟ حکومت نے عوام کے علاج کے لیے اسپتالوں میں کیا اقدامات کیے کچھ نظر بھی آنا چاہیے، عاصم اقبال ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے دوران دیگر امراض میں مبتلا اسپتالوں میں رل رہے ہیں، ایکسیڈنٹ، دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کو بھی پہلے کورونا کا ٹیسٹ کرانے کا کہا جاتا ہے، عباسی شہید اسپتال اور سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے عدالتی حکم کے باوجود جواب جمع نہیں کرایا، غریب مریض سرکاری اور پرائیویٹ اسپتالوں میں رل رہے ہیں، کوئی پرسان حال نہیں ،عدالت ہی سندھ کے شہریوں کے لیے کچھ کرسکتی ہے باقی اداروں نے ناامید کردیا ہے۔