ادویات مہنگی کرنا عوام سے سہولیات چھیننے کے مترادف ہے،ذکراللہ مجاہد

163

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے ادویات کی قیمتوں میں ظا لمانہ اضا فے کی شد ید الفاظ میں مذ مت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ عوام دشمنی کی انتہا ہے ،وبا کے دنوں میں ادویات مہنگی کرنا عوام سے علاج معالجہ کی سہولیات چھیننے کے مترادف ہے۔ حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے کورونا وبا میں فرنٹ لائن سپاہی کا کردار ادا کرنے والے ڈاکٹرز بھی مایوس ہوچکے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت کے ٹیچنگ اسپتالوں کے 39 ڈاکٹروں کا مستفی ہونا محکمہ صحت کی کارکردگی اور کورونا وبا میں اسپتالوں میں سہولیات پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آٹا، چینی، پیٹرول کے بعد حکومت میڈیسن کمپنی مافیا کے سامنے بھی بے بس ہوچکی ہے جبکہ حکومت کی عدم دلچسپی سے مہنگی ادویات سے مریضوںاور ان کے لواحقین کی مشکلات میں کئی گناہ اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت کے ساتھ حکومتی رویہ سوتیلی ماں جیسا ہے۔ حکومتی اقدامات نے عوام کو نفسیاتی مریض بنا کر رکھ دیا ہے۔ حکومتی نااہلی کی وجہ سے کھانے پینے کی اشیا سے لے کر علاج معالجہ کی ادویات تک مہنگائی کا جن بے قابو ہوچکا ہے۔ غریب اور متوسط طبقات دو وقت کی روٹی اور علاج معالجہ کیلیے شدید مشکلات سے دوچار ہیں جبکہ حکمران مسائل پر نوٹس لینے اور کمیشن بنانے میں مصروف عمل ہیں۔ ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ میڈیسن کمپنی مافیا کو لگام ڈالے اور ادویات کی قیمتوں میں اضافے کو واپس لے۔