سکھر اضلاع کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل کیخلاف اسپرے

212

سکھر( نمائندہ جسارت) خیرپور اور سکھر اضلاع کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل کے خلاف جہاز کے ذریعے کیڑے مار ادویات کی اسپرے کا سلسلہ تیز ہوگیا، دو روز کے دوران دو ہزار سے زائد ایکڑ پر پہلے سے موجود ٹڈی دل پر بر وقت اسپرے کرکے ہزاروں ٹڈیاں مار ڈالیں، ٹڈی دل کے خلاف اسپرے کے ذریعے کیا جانے والا آپریشن مزید تیز کردیا گیا ہے، کیپٹن زمان چیمہ، کیپٹن شاکر علی۔ تفصیلات کے مطابق ٹڈی دل کے حملوں کی نشاندہی کرنے والی گرائونڈ ٹیم کی نشاندہی پر گزشتہ دو روز میں ضلع خیرپور کے علاقے چونڈکو اور سکھر ضلع کے علاقے صالح پٹ کے گردونواح میں تقریباً دو ہزار ایکڑ سے زائد زمینوں پر ہوائی جہاز کے ذریعے آٹھ سو لیٹر کیڑے مار ادویات کے اسپرے کے نتیجے میں اب تک ہزاروں ٹڈیوں کو ہلاک کرنے میں اسپرے ٹیم نے کامیابی حاصل کی ہے۔اس سلسلے میں اسپرے کرنے والے ہوائی جہاز کے کیپٹن زمان چیمہ اور کیپٹن شاکر نے بتایا کہ انہیں زمینی ٹیم نے اطلاع دی کہ صالح پٹ کے گردونواح میں ہزاروں کی تعداد میں ٹڈی دل جمع ہوچکی ہیں، جو کہ سورج طلوع ہوتے ہی فصلوں پر حملہ آور ہوجائیں گی لہٰذا اس نشاندہی پر سورج طلوع ہونے سے پہلے ہی اسپرے کرنے والے جہاز کی ٹیم نے صالح پٹ کے گردونواح میں نچلی پرواز کرتے ہوئے بھرپور انداز سے زمین پر بیٹھی ہوئی ہزاروں کی تعداد میں ٹڈی دل کو اُڑنے سے پہلے ہی کیڑے مار ادویات کا اسپرے کرکے ہلاک کرڈالا، جبکہ چونڈکو میں بھی اسی طرح اسپرے ٹیم نے بھرپور کارروائی کرکے ہزاروں ٹڈیوں کو ہلاک کیا۔جہاز کے دونوں پائلٹوں کا کہنا تھا کہ گرائونڈ ٹیم بھرپور انداز میں کام کررہی ہے اور ان کی نشاندہی پر ٹڈی دل کے خلاف آپریشن میں تیزی لائی گئی ہے اور اس بات کی امید رکھی جاتی ہے کہ جلد ہی سکھر اور خیرپور اضلاع میں دیگر علاقوں سے آنے والی ٹڈی دل کو ہلاک کرکے کپاس اور دیگر فصلوں کو محفوظ رکھا جاسکے گا۔انہوں نے کاشتکاروں سے اپیل کی کہ وہ ہماری زمینی ٹیم سے رابطہ میں رہیں اور ٹڈی دل کے پہنچنے پر فوری اطلاع کریں، تاکہ ٹڈی دل کے حملے سے پہلے ہی اسپرے کرکے اسے ختم کیا جاسکے۔