اورنگزیب فاروقی کی ادارہ نورحق آمد ٗسید منورحسن کے انتقال پر اظہارتعزیت

331

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اہلسنت و الجماعت کے مرکزی رہنما اورنگزیب فاروقی،صوبائی رہنما عامر، جامعہ بنوریہ کے عبد الحمید تونسی، رفیع اللہ نے سابق امیرجماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن کے انتقال پر ادارہ نورحق میں صاحبزادے سید طلحہ حسن ، نائب امراء کراچی برجیس احمد ، مسلم پرویز، جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبد الوحید،مرکزی میڈیا کوآرڈینیٹر سرفراز احمد، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر سے ملاقات کی اور سید منورحسن کے لیے دعائے مغفرت وفاتحہ خوانی کی ۔اورنگزیب فاروقی نے کہاکہ سید منورحسن حق گوئی اور بے باکی میں اپنی مثال آپ تھے ،ہمیشہ اپنے مؤقف پر ڈٹے رہنے والے اور دلائل سے بات کرنے والے انسان تھے ،سید منورحسن کسی ایک جماعت کے نہیں بلکہ تمام مذہبی جماعتوں کے مربی و محسن تھے ، مرحوم کے انتقال سے تمام مذہبی جماعتوں کو گہرا صدمہ پہنچا ہے ،انہوں نے اپنی ساری زندگی اقامت دین کی جدوجہد میں لگادی ،ان کی دینی وسیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔