صوبائی سیکرٹریٹ بہاولپور ہی میں بنے گا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب

301

بہاولپور (آن لائن) ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا ہے کہ صوبائی سیکرٹریٹ بہاولپور میں ہی بنے گا اور مکمل سیکرٹریٹ کے قیام میں 3 ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے، صوبائی سیکرٹریٹ میں مکمل صوبے کا عملہ ہوگا صرف وزیر اعلیٰ اور چیف سیکرٹری مشترکہ ہوگا بہت جلد جنوبی پنجاب صوبہ بھی بن جائے گا وہ بہاولپور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ عارضی سیکرٹریٹ کے لیے اسلامیہ یونیورسٹی کا عباسیہ کیمپس کا انتخاب کیا گیا ہے، صوبائی سیکرٹریٹ کا عملہ بھی جنوبی پنجاب سے لیا جائے گا، سیکرٹریٹ کے قیام سے جنوبی پنجاب کے عوام کے تمام مسائل اب انکی دہلیز پر حل ہونگے اور سیکرٹریٹ میں جو سیکرٹریز بیٹھے گے وہ مکمل طور پر بااختیار ہو نگے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر کام چلانے کے لیے مختلف محکموں سے ڈیپو ٹیشن پر بندے لیے جائے گے، ڈی جی خان اور ملتان کو ہم نظر انداز نہیں کر سکتے مگرمین سیکرٹریٹ ہم بہاولپور میں بنائیں گے البتہ ملتان اور ڈی جی خان میں کیمپ آفس بنائیں گے چند دنوں میں لوگوں کی پوسٹنگ شروع ہو جائے گی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ ایک نیا سفر ہے جو شروع کرنے جا رہے ہیں اور ماڈل گورنس کا سسٹم لیکر آئیں گے۔